ام المومنین صدیقہ عالم حضرت عائشہ ؓ کا یوم وفات

آپ ؓنے 17 رمضان 58 ہجری کو 66 سال کی عمر میں اس دار فانی سے پردہ فرمایا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 4 جون 2018 12:31

ام المومنین صدیقہ عالم حضرت عائشہ  ؓ کا یوم وفات
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جون۔2018ء) ام المومنین صدیقہ عالم جناب عائشہ کا یوم وفات آج عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔آپ ؓنے 17 رمضان 58 ہجری، بروز منگل 66 سال کی عمر میں اس دار فانی سے پردہ فرمایا تھا۔حضرت عائشہ ؓ کو آپﷺ نے شرف زوج اپنے دوست اور صحابی حضرت ابو بکرؓ کے احترام میں عطا کیا تھا۔ حضرت عائشہؓ کی تاریخ ولادت کے متعلق تاریخ و سیرت کی تمام کتابیں خاموش ہیں۔

ان کی ولادت کی صحیح تاریخ نبوت کے پانچویں سال کا آخری حصہ ہے۔ان کا لقب صدیقہ تھا، ام المومنین ان کا خطاب تھا جبکہ نبی مکرم محمد ﷺ نے بنت الصدیق سے بھی خطاب فرمایا ہے اور کبھی کبھار حمیرا کے لقب سے بھی پکارتے تھے۔عرب میں کنیت شرافت کا نشان ہے چونکہ حضرت عائشہ کے ہاں کوئی اولاد نہ تھی اس لیے کوئی کنیت بھی نہ تھی۔

(جاری ہے)

ایک دفعہ نبی کرمﷺ سے حسرت کے ساتھ عرض کیا کہ اورعورتوں نے تو اپنی سابق اولادوں کے نام پر کنیت رکھ لی ہے، میں اپنی کنیت کس کے نام پر رکھوں؟ حضور نے فرمایا کہ اپنے بھانجے عبد اللہ کے نام پر رکھ لو، چنانچہ اسی دن سے ام عبد اللہ کنیت قرار پائی۔

ایک روایت کے مطابق حضرت عائشہ ؓ ہجرت سے 3 برس قبل حضور اکرمﷺ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں ‘ ان کا مہر بہت زیادہ نہ تھا صرف 500 درہم تھا۔ 8 ہجری کے ماہ رمضان میں حضرت عائشہ ؓ بیمار ہوئیں اور انہوں نے وصیت کی کہ انہیں امہات المومنین ؓ اور رسول اللہﷺ کے اہل بیت کے پہلو میں جنت البقیع میں دفن کیا جائے۔ماہ رمضان کی 17 تاریخ منگل کی رات ام المومنین عائشہ ؓنے وفات پائی۔

وفات کے وقت ان کی عمر 66 برس تھی‘حضرت ابوہریرہ ؓ نے نماز جنازہ پڑھائی۔ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓکو علمی صداقت اور احادیث روایت کرنے کے حوالے سے دیانت و امانت میں امتیاز حاصل تھا۔ ان کا حافظہ بہت قوی تھا جس کی وجہ سے وہ حدیث نبوی ﷺکے حوالے سے صحابہ کرام کے لیے بڑا اہم مرجع بن چکی تھیں۔حضرت عائشہ ؓ حدیث حفظ کرنے اور فتویٰ دینے کے اعتبار سے صحابہ کرام ؓ سے بڑھ کر تھیں۔ حضرت عائشہ ؓ نے 2 ہزار 2 سو 10 احادیث روایت کرنے کی سعادت حاصل کی۔دور نبویﷺ کی کوئی خاتون ایسی نہیں جس نے ام المومنین عائشہؓسے زیادہ رسول اللہ محمدﷺ سے احادیث روایت کرنے کی سعادت حاصل کی ہو۔ آپ ؓسے 174 احادیث ایسی مروی ہیں جو بخاری و مسلم میں ہیں۔