کشمیری عوام میں بھارتی فورسز اور کٹھ پتلی انتظامیہ کیخلاف غم و غصہ تیزی سے بڑھ رہا ہے ، میر واعظ فورم

مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین کے تحت بھارتی فوجیوں کونہتے کشمیریوں کے قتل عام کی مکمل آزادی اور انکے عدم احتساب کی وجہ سے ہر روز فورسز کسی نہ کسی نہتے کشمیری کو شہید کردیتے ہیں جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے

پیر 4 جون 2018 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے کہاہے کہ کشمیری عوام میں بھارتی قابض فورسز اور مخلوط کٹھ پتلی انتظامیہ کیخلاف دن بہ دن غم و غصے میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ایک طرف تو کٹھ پتلی انتظامیہ جنگ بندی کے اعلان کے مثبت نتائج کا ڈھنڈورہ پیٹ رہی ہے جبکہ دوسری طرف بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کا قتل عام گرفتاریاں اور طاقت کا وحشیانہ استعمال مسلسل جاری ہے ۔

انہوںنے سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کی ایک تیز رفتار گاڑی کی طرف سے ایک کشمیری نوجوان قیصر بٹ کے قتل اور ایک اور نوجوان محمد یونس بٹ کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے واقعات سے نہتے کشمیری عوام کے خلاف بھارتی فوجیوں کی جارحیت اوربدترین ریاستی دہشت گردی ظاہر ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین کے تحت بھارتی فوجیوں کونہتے کشمیریوں کے قتل عام کی مکمل آزادی اور انکے عدم احتساب کی وجہ سے ہر روز فورسز کسی نہ کسی نہتے کشمیری کو شہید کردیتے ہیں جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔

انہوںنے بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن سوگواروں جنہوںنے شہیدنوجوان قیصر احمد کی میت اٹھا رکھی تھی پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور خو ف و ہراس کا ماحول قائم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنے پیاروں کی موت پر ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔