سید خاور شاہ میموریل فٹ بال، اسوا اکیڈمی نے ماڈل ٹائون اکیڈمی کو 3-2 گول سے ہرا دیا

پیر جون 13:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) اسلام آباد سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن (اسوا) کے زیراہتمام سید خاور شاہ میموریل انڈر۔14 فٹ بال میچ میں اسوا اکیڈمی نے ماڈل ٹاؤن اکیڈمی کو 3-2 گول سے ہرا دیا۔گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں وقفے تک دونوں ٹیمیں دو، دو گول سے برابر رہیں، دوسرے ہاف میں ماڈل ٹائون نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ 3-2 گول سے جیت لیا، پہلے ہاف کے تیسرے منٹ میں ماڈل ٹائون کی جانب سے بہراز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کو 10 ویں منٹ میں اسوا کی طرف سے آصف نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا، 20 ویں منٹ میں ماڈل ٹائون کی طرف سے باقر نے گول کرکے مقابلہ 2-1 کر دیا جس کے پانچ منٹ بعد اسوا کے کبیر نے گول کرکے دوبارہ میچ 2-2 گول سے برابر کردیا، دوسرے ہاف کے 30 ویں منٹ میں اسوا اکیڈمی کے حمزہ نے گول کرکے مقابلہ 3-2 کردیا جو مقررہ وقت تک برقرار رہا ۔

(جاری ہے)

ریفری کے فرائض محمد عثمان نے جبکہ میچ کمشنر کے فرائض محمد اسد نے انجام دیئے، میچ کے اختتام پر پنجاب سپورٹس بورڈ کے سابق ڈائریکٹر جنرل اور پاکستان بیس بال فیڈریشن کے سابق صدر سید خاور شاہ کی روح کو ایصال ثواب کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے، اسوا اکیڈمی کے صدر رانا تنویراحمد نے سید خاور شاہ کی ملک میں کھیلوں کی ترقی کے حوالے سے خدمات اورکاوشوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید خاور شاہ کی خدمات کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :