نواز شریف کا آخری عشرہ سعودی عرب اور عید الفطر لندن میں کرنے کا فیصلہ

کیا نواز شریف نے جلا وطنی کی تیاری کر لی؟ نئی بحث نے جنم لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 4 جون 2018 13:05

نواز شریف کا آخری عشرہ سعودی عرب اور عید الفطر لندن میں کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 جون 2018ء) : سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مبینہ طور پر ایک خودساختہ اور طویل جلاوطنی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کےمطابق مسلم لیگ ن حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے اور حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی برطانیہ کے باخبر حلقوں میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز آئندہ چند روز میں لندن پہنچیں گے۔

باخبر سیاسی حلقوں کے مطابق گذشتہ کئی سال سے میاں نواز شریف کا معمول رہا ہے کہ وہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ سعودی عرب میں گزارتے ہیں ، اس لیے اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں پاکستان سے براہ راست سعودی عرب یا لندن پہنچیں گے۔ ذرئا عکے مطابق یہ بھی طے ہے کہ نواز شریف عید الفطر لندن میں مقیم اپنے خاندان کے ساتھ منائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف خود جیل جانے سے نہیں گھبراتے نہ وہ سزا کاٹنے سے خوفزدہ ہیں کیونکہ وہ پہلے بھی جیل کاٹ چکے ہیں لیکن بحیثیت باپ وہ ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ وہ اپنی صاحبزادی مریم نواز کو جیل جاتا ہوا دیکھیں۔ لندن میں موجود کچھ باخبر ذرائع نے آگاہ کیا کہ مسلم لیگ ن کے انتہائی سرکردہ حلقوں میں بھی اس بات پر تبادلہ خیال ہو چکا ہے اور اکثریت کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو کم ازکم آئندہ انتخابات کے نتائج تک ملک سے باہررہنا چاہئیے۔

اور بعد ازاں حاات کے مطابق ہی کوئی فیصلہ کرنا چاہئیے۔ دوسری جانب نواز شریف اس فیصلے کے قطعی حق میں نہیں تھے لیکن پارٹی کے سرکردہ ہمدرد انہیں یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کر رہے ہیں کہ ابھی تک مریم نواز اور سابق وزیر اعظم کا نام ای سی ایل میں بھی نہیں ہے اسی لیے ان کے ملک سے باہر جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور جہاں تک نیب کے مقدمات کا تعلق ہے تو وکلا ان تاریخوں کو آگے بڑھانے کے لیے قانونی راستہ اختیار کر سکتے ہیں ، میاں نواز شریف کی جانب سے اس معاملے پر فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔