Live Updates

اسپیکر کے پی کے اسمبلی نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے الیکشن کمیشن کو 4 نام دیدیئے

پارلیمانی کمیٹی نگران وزیراعلیٰ کینام پرمتفق نہیں ہوسکی الیکشن کمیشن آئین کے تحت 2 روز میں نگران وزیراعلیٰ نامزد کرے ،ْ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے الیکشن کمیشن کو ایک مراسلہ بھیج دیا چیف الیکشن کمشنر کو نگران وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی درخواست کی ہے ،ْکمیشن منگل تک نگران وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرنے کا پابند ہے ،ْاسد قیصر

پیر 4 جون 2018 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے صوبے میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے 4 نام الیکشن کمیشن کو بھیج دیئے۔خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے پہلے منظور آفریدی کے نام کی منظوری دی گئی تھی تاہم اپوزیشن جماعتوں کی شدید مخالفت پر تحریک انصاف کی قیادت نے بعد میں منظور آفریدی کا نام واپس لے لیا جس کے بعد اپوزیشن اور حکومت کے درمیان نگران وزیراعلیٰ کیلئے نام پر اتفاق نہیں ہوا۔

خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی جس کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے الیکشن کمیشن کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے 4 نام دیئے گئے ہیں جن میں حکومت کی جانب سے حمایت اللہ خان اور اعجاز قریشی کے نام شامل ہیں جب کہ اپوزیشن کی طرف سے منظور آفریدی اور جسٹس (ر) دوست محمد کا نام دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر کے مراسلے میں کہا گیا کہ پارلیمانی کمیٹی نگران وزیراعلیٰ کینام پرمتفق نہیں ہوسکی لہٰذا الیکشن کمیشن آئین کے تحت 2 روز میں نگران وزیراعلیٰ نامزد کرے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو نگران وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی درخواست کی ہے، الیکشن کمیشن منگل تک نگران وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرنے کا پابند ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے نام موصول ہونے کے بعد آئندہ دو روز میں ایک نام کا اعلان کردیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات