نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کا فیصلہ نہ ہوسکا ،ْ حکومت اور اپوزیشن کا 2 ، 2 نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ

پارلیمانی کمیٹی بھی کوئی فیصلہ نہ کرسکی تو پھر نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس چلاجائے گا

پیر 4 جون 2018 14:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کا فیصلہ نہ ہوسکا جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن نے 2 ، 2 نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان ایک بار پھر ملاقات ہوئی جس میں نگراں وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے مشاورت کی گئی تاہم نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے آج بھی ڈیڈ لاک برقرار رہا اور کسی نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔

(جاری ہے)

نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے لئے اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے حکومت اور اپوزیشن نے 2 ، 2 نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے، اب پارلیمانی کمیٹی نگراں وزیراعلیٰ کے لئے تجویز کردہ ناموں پر غور کرے گی، اگر پارلیمانی کمیٹی بھی کوئی فیصلہ نہ کرسکی تو پھر نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس چلاجائے گا۔واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر حکومت اوراپوزیشن میں کوئی پیشرفت نہ ہونے پر یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں پارلیمانی کمیٹی بھی نگراں وزیراعلیٰ کا فیصلہ نہ کرسکی جس کے بعد یہ معاملہ اب الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا ہے۔