ریحام خان کسی کے دئیے ہوئے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں، انکی کتاب سے تحریک انصاف اپ سیٹ ہے ‘ فواد چوہدری

جب طلاق یافتہ بیوی اپنے سابق خاوند پر کتاب لکھے گی تو وہ یقینا اس میں دھجیاں اڑانے کی کوشش کر یگی‘ مرکزی ترجمان پی ٹی آئی ْ

پیر جون 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ریحام خان کسی کے دئیے ہوئے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں اور یقینا ان کی کتاب سے تحریک انصاف اپ سیٹ ہے ،جب طلاق یافتہ بیوی اپنے سابق خاوند پر کتاب لکھے گی تو وہ یقینا اس میں دھجیاں اڑانے کی کوشش کر ے گی ۔۔ریحام خان کے عمران خان پر الزامات پر فواد چوہدری نے اپنے رد عمل میں کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواتین کو استعمال کیا گیا ہو ۔

1988ء میں بی بی شہید اور انکے خاندان کے خلاف حسین حقانی نیٹ ورک کو استعمال کیا گیا ان کی جعلی تصاویر بنا کر ہیلی کاپٹر کے ذریعے گرائی گئیں ۔ اب بھی ریحام خان اور حسین حقانی کی تصاویر ساری کہانی بتا رہی ہیں کہ ہو کیا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے دین میں بیوی اور شوہر کو ایک دوسرے کا لباس کہا گیا ہے لیکن ریحام خان کی جانب سے طلاق کے بعد خانگی معاملات پر گفتگو تہذیب کے بھی خلاف ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ریحام خان کو پہلے کتاب لکھنے کا خیال کیوں نہیں آیا۔ وہ الیکشن ایجنڈے پر کام کررہی ہیں بلکہ کسی کے دئیے ہوئے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں ۔ سلمان احمد نے الزام لگایا ہے کہ ریحام خان نے شہباز شریف سے ایک لاکھ پائونڈ لئے ہیں وہ اس پر عدالت جائیں ۔ شہباز شریف اور مریم نواز نے احسن اقبال کے ذریعے ریحام خان سے ملاقاتیں کی ہیں اور پیسے لئے ہیں ۔

انہوں نے اس سوال کہ ریحام خان کی کتاب آنے سے تحریک انصاف اپ سیٹ ہو گی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیوں نہیں ہو گی بالکل ہو گی ۔ وہ عمران خان کی سابقہ بیوی رہی ہیں جب انہیں ہمارے لیڈر کے خلاف استعمال کیا جائے گا تو پارٹی تو اپ سیٹ ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم بھی ٹیلیفون پر گانے سنانے ، گھڑیاں دینے کی کہانیاں سنانا شروع کر دیں یا ایشوز کی سیاست کرنی چاہیے ، ہم یہ گندی سیاست نہیں کرنا چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک طلاق یافتہ بیوی اپنے سابق خاوند کے بارے میں کتاب لکھیں گی تو وہ اس میں دھجیاںں اڑانے کی کوشش کرے گی اور وہ مخالفین کے ایجنڈے پر ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہیں۔