Live Updates

(ن) والوں کی سیاسی نائو ڈوب چکی ہے ،بقاء کیلئے ہاتھ پائوں مارے جارہے ہیں‘ مسرت چیمہ

اوچھے ہتھکنڈوں سے پہلے مرعوب ہوئے ہیں نہ آئندہ ہونگے،ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا ‘ ممبر ایگزیکٹو کونسل

پیر 4 جون 2018 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) والوں کی سیاسی نائو ڈوب چکی ہے اور اب اپنی بقاء کیلئے ہاتھ پائوں مارے جارہے ہیں،اوچھے ہتھکنڈوں سے پہلے مرعوب ہوئے ہیں نہ آئندہ ہوں گے بلکہ ہر میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے حلقہ این اے 127کے دورہ کے موقع پر کارکنوں اور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مسرت چیمہ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں56کمپنیوں سے متعلق زیر سماعت مقدمے سے شفافیت اور میرٹ کے دعویداروں کی قلعی کھل گئی ہے ۔ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ حکومت کے اختتام پران کے دور کی کرپشن کی غضب ناک کہانیاں سامنے آئیں گی ۔ ابھی تو میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین میں ہونے والی کرپشن بھی سامنے آئے گی جس سے عوام کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی انتخابات کیلئے بھرپور تیاری ہے اور انشا اللہ حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہوتے ہی ملک بھر میں بھرپور انتخابی مہم شروع کر دی جائے گی ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ انشااللہ اس مرتبہ عوام اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو ووٹ دیں گے اور عام انتخابات کے نتیجے میں دو نہیں ایک پاکستان کی بنیاد پڑے گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات