حکومت اوگرا اور ارساسمیت اہم باڈیز میں نجی شعبہ کی نمائندگی یقینی بنائے ‘لاہور چیمبر آف کامرس

سب سے بڑی سٹیک ہولڈرہونے کی حیثیت سے ہر فورم پر کاروباری برادری کی موجودگی ضروری ہے

پیر 4 جون 2018 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اوگرا اور ارساسمیت اہم باڈیز میں نجی شعبہ کی نمائندگی یقینی بنائے کیونکہ سب سے بڑی سٹیک ہولڈرہونے کی حیثیت سے ہر فورم پر کاروباری برادری کی موجودگی ضروری ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید ، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ اہم فورمز پر کاروباری برادری کو نمائندگی دینے کے بجائے انہیں صرف محاصل وصولی کا ذریعہ سمجھ لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک کاروباری برادری کو اہم پارٹنرسمجھا اور اعلیٰ سطحی نمائندگی نہیں دی جائے گی تب تک حقیقی معنوں میں کاروبار دوست ماحول پیدا ہونا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا جب چاہے پٹرولیم مصنوعات میں بھاری اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کردیتی ہے قطع نظر اس کے کہ پٹرولیم صنعتوں کا اہم خام مال ہے اور اس کی قیمتوں میں اضافہ کاروباری لاگت بڑھتا ہے اور اکثر حکومت بھی یہ سمری منظور کرلیتی ہے، اگر اوگرا میں کاروباری برادری کی پچاس فیصد نمائندگی ہو تو ایسے معاملات باآسانی حل کیے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی طرح پانی سے متعلقہ باڈیز میں بھی نجی شعبہ کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے مفاد پرست عناصر پانی کے معاملے اور کالاباغ ڈیم جیسے اہم منصوبوں کو اپنے ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی قلت بڑا خطرہ بن چکی ہے جس کا حل کالاباغ ڈیم جیسے بڑے آبی ذخائر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ارسا اور پانی سے متعلق دیگر باڈیز میں نجی شعبہ کی شمولیت کے بڑے اچھے نتائج برآمد ہونگے کیونکہ کاروباری برادری اس پراجیکٹ کی اہمیت کو اٴْجاگر اور غلط فہمیاں دور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے مزید کہ کہ کالاباغ ڈیم ہر قیمت پر بننا چاہیے اور ان عناصر کی بات پر کسی کو کان نہیں دھرنے چاہئیں جنہیں تھرپارکر اور ملک کے دیگر حصے میں پانی کی قلت کی وجہ سے مرنے والوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی زندگی ہے اور بیس کروڑ پاکستانیوں کی زندگی سے کھیلنے کا حق کسی کو نہیں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اوگرا، ارسا اور دیگر اہم قومی اداروں میں نجی شعبے کی بھرپور نمائندگی یقینی بنائے گی۔