Live Updates

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کراچی کے این اے 243 سے الیکشن لڑنے پر غور

پیر 4 جون 2018 14:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کراچی کے حلقہ این اے 243 ضلع شرقی یا این اے 256 ضلع وسطی سے انتخابات میں حصہ لینے پر غور کر رہے ہیں اورحتمی اعلان آئندہ 48 گھنٹوں میں متوقع ہے۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق یہ طے کر لیا گیا ہے کہ عمران خان ضلع وسطی اور ضلع شرقی کے کسی ایک حلقے سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے دو حلقے نظر میں ہیں، ایک ضلع شرقی کا موجودہ حلقہ این اے 243 ہے ، جو 2013 میں این اے 256 تھا، اس حلقے سے ایم کیوایم ایک لاکھ 51 ہزار 788 ووٹ لے کر کامیاب ہوئی تھی، جب کہ پی ٹی آئی کے محمد زبیر خان کو 69 ہزار ووٹ ملے تھے۔ یہ حلقہ ضلع شرقی گلشن اقبال کے مختلف علاقوں پر مشتمل ہے۔دوسرا کراچی ضلع وسطی کا موجودہ حلقہ این اے 256 ہے، جو 2013 میں این اے 245 تھا۔

اس حلقے سے 2013 میں ایم کیو ایم کے ریحان ہاشمی ایک لاکھ 15 ہزار 776 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، جب کہ پی ٹی آئی کے محمد ریاض حیدر 54 ہزار 937 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے، اسی حلقے سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی بھی 22 ہزار 452 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ یہ حلقہ نارتھ ناظم آباد ،ناظم آباد اور دیگر علاقوں پر مشتمل ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات