پاکستان آرفن کیئر فورم کے زیر اہتمام عالمی یوم یتامی کے حوالے سے افطار ڈنر کا انعقاد

تمام مکاتب فکر کے لوگ آگے بڑھیں اور یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں، محمد عبدالشکور صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان

پیر 4 جون 2018 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) پاکستان آرفن کیئر فورم کے زیر اہتمام عالمی یوم یتامی کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں افطار ڈنرکا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان آرفن کیئر فورم کے ممبران، صحافیوں اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب سے پا کستان آرفن کیئر فورم کے سیکرٹری نثاراحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں یتیم بچوں کا معاملہ انتہائی سنگین صورتحال سے دوچار ہے جس کا اقوام متحدہ کو فی الفور نوٹس لینا چاہیے ۔

پاکستان میں 42 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں،جن کی کفالت اور دیکھ بھال حکومت وقت اور من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ یتیم بچوں کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنے والے رفاہی ادارے ’’پاکستان آرفن کیئر فورم‘‘ اور بالخصوص الخدمت فائونڈیشن کی کوششوں سے دونوں ایوانوں سے لاوارث و یتیم بچوں کی کفالت اور ہر سال15 رمضان المبارک کویتیم بچوں کاعالمی دن منانے کا بل منظور ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

حامد اطہر صدر الخدمت فائونڈیشن اسلام آباد نے کہا کہ پاکستان آرفن کئیر فورم کی جانب سے 15 رمضان المبارک کو ’’یوم یتامی ‘‘ منانا اس عزم کے اظہار کا دن ہے کہ مسلم معاشرے کے لئے ہر یتیم بچہ رنگ، نسل اور مذہب کی تمیز کے بغیر اپنے ہی بچوں کی طرح عزیز ہو ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آرفن کیئر فورم کی تمام ممبر تنظیمیں بالخصوص الخدمت فائونڈیشن پاکستان مبارک باد کی مستحق ہیں کہ وہ یتیم بچو ں کے حقوق کے لیے شبانہ روز کام کر رہی ہیں۔ آخر میں محمد عبدالشکور صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان کا پیغام پڑ ھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے کہ کہا کہ تمام مکتب فکر کے لوگ آگے بڑھیں اور یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔