بیت السکون کینسر ہسپتال میںمریضوں کا مفت علاج کیاجارہے، میڈیکل ڈائریکٹر

اب تک 15,317 سے زائد مریضوں کو ہسپتال میں داخل کرکے علاج فراہم کیا گیا جبکہ 70,547 مریضوں کو او پی ڈی میں خدمات فراہم کی گئی،ڈاکٹرجاوید ملک

پیر 4 جون 2018 15:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) بیت السکون ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید ملک نے کہا کہ اب تک 15,317 سے زائد مریضوں کو ہسپتال میں داخل کرکے علاج فراہم کیا گیا جبکہ 70,547 مریضوں کو او پی ڈی میں خدمات فراہم کی گئی ہیں۔اسی طرح 17,364 مریضوں کی کیموتھراپی، 4,045 مریضوں کی ریڈیو تھراپی اور 3,206 مریضوں کی سرجری کی گئی۔

بیت السکون کینسر ہسپتال نے اپنے آغاز سے اب تک19,147 کینسر کے مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا ہے جبکہ ایک مریض کے علاج پر دس لاکھ سے بیس لاکھ کے اخراجات آتے ہیں۔ ہسپتال میں متاثرہ غریب افراد کا بین الاقوامی معیار کا علاج بلامعاوضہ کیا جاتا ہے اور ان کے دیگر اخراجات بھی ہسپتال برداشت کررہا ہے۔ بیت السکون ہسپتال میں گزشتہ برس مختلف مریضوں بشمول کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی ،سرجری کے مریضوں کو ہسپتال میں علاج و قیام کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

ہسپتال 1999ء میں قائم کیا گیا تھا ۔ہسپتال میں جدید علاج کے متعلق بہترین سہولت اور مشینری موجود ہے جس میں او پی ڈی، کیمیوتھراپی، الٹراسائونڈ، ریڈیو تھراپی، ایکس رے، لیبارٹری، میموگرام اورسر جیکل سہولیات موجودہیں اس کے علاوہ بیت السکون میںچھاتی اور نفسیاتی علاج کی بھی جدیدسہولیات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال 2018-19ء کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، ہسپتال کو اخراجات کیلئے 135 ملین روپے کی ضرورت ہے تاکہ غریب مریضوں کو مفت علاج کی سہولت مہیا کی جاسکے۔

بیت ا لسکون کینسر سے متاثرہ افراد کونہ صرف مفت علاج کی سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ ہسپتال میں داخلے کے حوالے سے ہونے والے مکمل اخراجات کی ذمہ داری بھی ہسپتال خود اٹھاتا ہے۔ ہل پارک کے نزدیک کے سی ایچ ایس بلاک 3 کراچی میں بیت السکون ہسپتال میں موجود تین فلور بیک وقت 50 مریضوں کوعلاج کی سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔ڈاکٹر جاوید نے کہا کہ فورڈ روہڈز، سیدات حیدر اینڈ کمپنی کی خودمختار چارٹرڈ اکائونٹنٹ کی ایک ٹیم ہسپتال کا آڈٹ کرتی ہے جبکہ بورڈ آف ٹرسٹیز ہسپتال کے معاملات کو شفاف رکھتی ہے۔

انہوں نے مخیر افراد سے دل کھول کر امدادکی اپیل کی ہے تاکہ کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ جیتی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کاتمام خرچہ مخیرافراد کے تعاون سے چلتا ہے جبکہ ایک مریض پر دس لاکھ سے بیس لاکھ کے اخراجات آتے ہیں۔