چوہدری نثار نے تاحال پارٹی ٹکٹ کیلئےدرخواست جمع نہیں کروائی

چوہدری نثار نےاین اے 59اور63، پی پی 12اور17 سےالیکشن لڑنےکااعلان کررکھا ہے،چوہدری نثار کوپارلیمانی بورڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 4 جون 2018 16:07

چوہدری نثار نے تاحال پارٹی ٹکٹ کیلئےدرخواست جمع نہیں کروائی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماء چوہدری نثار نے تاحال ٹکٹ کیلئے درخواست جمع نہیں کروائی، چوہدری نثار نے این اے 59اور 63،پی پی 12اور 17 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کررکھا ہے ،چوہدری نثار کوپارلیمانی بورڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء چوہدری نثار کی پارٹی قیادت سے ناراضگی تاحال جاری ہے۔

چوہدری نثار نے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست بھی نہیں دی ۔چوہدری نثار نے این اے 59اوراین اے 63سے الیکشن لڑنے کا اعلان کررکھا ہے،جبکہ چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کے 2حلقوں پی پی 12اور 17سے بھی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار الیکشن 2013ء میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا حصہ تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ اس بار چوہدری نثار کو ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

گزشتہ دنوں شہبازشریف نے راجن پور کےدورے کے موقع پر نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کے دوران ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ 1988ء کی بات ہے، جب چوہدری نثار کی اصل دوستی نوازشریف کے ساتھ تھی۔ جبکہ اس زمانے میں چوہدری نثار میرے سخت مخالف تھے۔ چوہدری نثار میرے خلاف اکثر نوازشریف کو شکایات کرتے تو مجھے نوازشریف سے ڈانٹ پڑتی۔ لیکن کچھ عرصہ ایسے ہی گزرا تو بعد میں چوہدری نثار میرے گہرے دوست بن گئے۔

چوہدری نثار میں بچپنا ہے اور بچے کو منانا پڑتا ہے۔ چوہدری نثار میں بچپنا ضرور ہے اور ہم اس کومناتے رہتے تھے۔ انہوں نے ایک سوال ’’چوہدری نثار اب مان جائیں گے؟‘‘ کے جواب میں کہا کہ اللہ خیر کرے گا۔ شہباز شریف کے ردعمل میں چوہدری نثار نے کہا کہ حیرت ہے کہ شہبازشریف کو بچپنے اور سنجیدہ عمل میں فرق کا احساس نہیں،بچپنا وہ عمل ہے جو ان کی پارٹی قیادت اس وقت روا رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو مشورہ ہے کہ وہ 30سال پرانی باتوں کا تذکرہ نہ کریں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ چوہدری نثار میرے دوست ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔چوہدری نثار ناراض ضرور ہیں مگرجلد مان جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار ٹکٹ مانگیں یا نہ مانگیں انہیں ٹکٹ ضرور دیں گے۔