Live Updates

جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے ہوٹلوں اور ریستورانوں کی طر ف سے متعارف کرائے گئے فیملیز افطار ڈنرپیکجز کی پزیرائی

پیر 4 جون 2018 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے بیشتر ہوٹلوں اور ریستورانوں کی طر ف سے متعارف کرائے گئے فیملیز افطار ڈنرپیکجز کو بہت پزیرائی ملی ہے اور شدید گرم موسم کے باعث اہل خانہ کے ہمراہ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں افطار کا رحجان بڑھنے لگا ہے۔ مختلف انواع اور اقسام کے کھانوں کے پر کشش رعایتی پیکجز شہریوں کی اپنی جانب راغب کر تے ہیں اور آن لائن سسٹم نے ایڈوانس بکنگ آسان بنا دی ہے۔

افطار و ڈنر کیلئے معیاری ڈشز کی پر کشش رعایتی نرخوں کی فراہمی کے دعوے کئے جا رہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ فیملیز کو اپنی طرف راغب کیا جا رہا ہے جس کا مقصد رمضان المبارک کے دوران اپنے کاروبار کو وسعت دینا ہے۔ مہنگائی کے باوجود پوش فیملیزکا افطار گھر سے باہر کرنے کا رواج گزشتہ چند برسوں سے تیزی سے بڑھا ہے اور ہوٹلوں کی اس پیشکش سے لوگ بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں اور بسا اوقات افطار اور ڈنر کے وقت بکنگ کرانا دشوار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

صارفین نے رش کا فائدہ اٹھا کر من مانے دام وصول کرنے والے ہوٹلوں اور ریستورانوں کی اجارہ داری ختم کرانے اور معیاری ڈشز کا لیبل سجا کر غیر معیاری کھانے اور اشیاء فروخت کرنے والے ہوٹلوں اور ریستورانوں کے خلاف فوڈ کنٹرول ایکٹ کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات