لاہور میں درج ہونے والے ایک فوجداری مقدمہ میں ملزم ذوالفقار چیمہ پولیس کا سب انسپکٹر ہے، سابق آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ نہیں، ترجمان نیوٹیک

بعض نیوز چینلز دن میں کئی بار ملزم کے طور پر سابق آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ کا فوٹو دکھاتے رہے جس سے انہیں، انکے ہزاروں عزیزوں، رشتے داروں اور دوستوں کو دلی صدمہ پہنچا

پیر 4 جون 2018 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) چیئرمین نیوٹیک اور سابق آئی جی پولیس ذوالفقار احمد چیمہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 2 جون بروزہفتہ، چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم سے لاہور میں ایک فوجداری مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے کے ملزمان میں کچھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔ انہی میں ایک سب انسپکٹر ذوالفقار چیمہ کا نام بھی ہے ۔

تمام قومی اخبارات اور چینلز کے کرائم رپورٹرز جانتے تھے کہ مقدمے کا ملزم ذوالفقار چیمہ پولیس کا سب انسپکٹر ہے اور سابق آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ ہر گز نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

اسکے باوجود بعض نیوز چینلز دن میں کئی بار ملزم کے طور پر انکا فوٹو دکھاتے رہے جس سے انہیں ،انکے ہزاروں عزیزوں، رشتے داروں اور دوستوں کو دلی صدمہ پہنچا ۔ لاہور کے عوام اور صحافی بخوبی جانتے ہیں کہ انہوں نے کسی حکمران یا بااثر شخص کے کہنے پر کبھی غلط کام نہیں کیا ۔

اسلئے اس نوعیّت کے مقدمے کے ساتھ انہیں منسوب کرنا بدنیّتی اور شرارت ہے۔ اس سلسلے میں قانونی کارروائی کیلئے چیئرمین نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ نے چیئرمین پیمرا سے رابطہ کیا ہے جنہوں نے بتایا ہے کہ متعلقہ چینل نے اپنی غلطی پر معذرت کرلی ہے۔