الیکشن کمیشن نے عام انتخابات بارے کاغذات نامزدگی جمع کرانے و دیگر مراحل بارے الیکشن پروگرام جاری کر دیا

خواتین یا غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں سے انتخا ب لڑنے والے امیدواران کاغذات نامزدگی 8جون تک متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کروائیں، الیکشن کمیشن کی ہدایت

پیر 4 جون 2018 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کے حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے و دیگر مراحل کے حوالے سے الیکشن پروگرام جاری کر دیا گیا اس ضمن میں ایسے تمام امیدواران جو خواتین یا غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں سے انتخا ب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے کاغذات نامزدگی 4 سے 8جون 2018ء تک متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کروائیں۔

الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کویاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ وہ خواتین وغیر مسلم کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں 6جون 2018ء تک الیکشن ایکٹ کی شق 104کے تحت متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کروائیں ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی خواتین کی33 مخصوص نشستیں برائے صوبہ پنجاب وصوبائی اسمبلی پنجاب کیلئے مختص66خواتین او ر 8غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر جمع کروائی کروائیں ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی خواتین کی 14مخصوص نشستیں برائے صوبہ سندھ وصوبائی اسمبلی سندھ کیلئے مختص 29خواتین اور 9غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر جمع کروائی جائیں ۔۔ قومی اسمبلی کی خواتین کی 4مخصوص نشستیں برائے صوبہ بلوچستان وصوبائی اسمبلی بلوچستان کیلئے مختص 11خواتین اور3 غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے دفتر جمع کروائی جائیں۔

قومی اسمبلی کی خواتین کی9 مخصوص نشستیں برائے صوبہ خیبر پختوانخوا وصوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا کیلئے مختص 22خواتین اور 3 غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کے دفتر جمع کروائی جائیں ۔ بیان کے مطابق قومی اسمبلی کیلئے غیر مسلموں کی 10مخصوص نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشنز ،الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد سیکرٹریٹ کے پاس جمع کروائی جائیں گی۔