مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کوکچلنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،عالمی برادری واقعہ کا نوٹس لے‘میاں مقصود احمد

قابض ہندوستانی فوج کاگھنائونا چہرہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے‘ امیرجماعت اسلامی پنجاب کاتقریبات سے خطاب

پیر 4 جون 2018 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کوگاڑی تلے کچلناانتہائی شرمناک فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،ہندوستان ظلم وبربریت کے تمام ریکارڈ توڑ چکا ہے،کیمیائی ہتھیاروں کاآزادانہ استعمال کیاجارہا ہے جوکہ عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے،افسوس ناک امر تویہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ سمیت انسانیت کے علمبردار ممالک خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان مذمتی بیانات سے آگے بڑھے اور ہندوستان کے گھنائونے کردار کوپوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیاجائے۔

(جاری ہے)

جب تک بھارت کودوٹوک اورواضح انداز میں جواب نہیں دیاجائے گا تب تک وہ بازآنے والا نہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج 3کروڑنہتے اورمظلوم کشمیریوں پر ظلم وجبرکے پہاڑڈھارہی ہے۔اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا گیاہے۔ہزاروں نوجوان ہندوستان کی مختلف جیلوں اور عقوبت خانوں میں بدترین تشددکانشانہ بن رہے ہیں مگر الحمدللہ ایک بھی کشمیری نہ جھکاہے اور نہ ہی کشمیر کاسوداکرنے کو تیارہوا۔

کشمیری شہید ہونے کے بعد پاکستانی پرچموں میں دفنایاجاناپسندکرتے ہیں،یہ ان کی پاکستان سے والہانہ محبت کی عکاسی کرتاہے۔پاکستان کی22کروڑعوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اوران کی ہرلحاظ سے حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے لوگوں کو اغواکرکے تشددزدہ لاشیں پھینکنے کے واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی منظورشدہ قراردادوں کی روشنی میں حل کیاجائے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کاحل ناگزیر ہے بصورت دیگرخطے میں ایٹمی تصادم کے خطرات منڈلاتے رہیں گے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ انٹرنیشنل میڈیااور ایمنسٹی جیسی تنظیمیں واشگاف الفاظ میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور بھارت کے منفی کردار کو شدیدتنقید کانشانہ بنارہی ہیں اور مطالبات کیے جارہے ہیں کہ اقوام متحدہ بھارت کے خلاف مقدمہ درج کرے لیکن اس کے باوجود بھارت کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیاجارہا۔یہ اقوام متحدہ،امریکہ اور یورپ کے دہرے معیارات ہیں۔