انتخابات اور جمہوری عمل ہی ملک میں نظام اور قیادت کی تبدیلی کی پائیدار شاہراہ ہے، متحدہ مجلس عمل کے منشور کا اعلان (آج) ہوگا ،لیاقت بلوچ

پیر جون 16:40

لاہور۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) انتخابات اور جمہوری عمل ہی ملک میں نظام اور قیادت کی تبدیلی کی پائیدار شاہراہ ہے ۔یہ بات جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہو ر میں عوامی افطار ی اور ایم ایم اے کی ضلعی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے کہی۔انہوں نے کہا کہ ووٹرز اپنی عزت کے لیے ووٹ اہل ، دیانتدار اور عزت داروں کے حوالے کریں پھر ہی پاکستان خوش حال و مستحکم ہوگا ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی ہوتا جارہاہے ، اس وقت سیاست ، عدلیہ ، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت ایک پیج پر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ 14 اگست 2018 ء کو پاکستان پائیدار جمہوری عمل کی فضا میں آناچاہیے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کا قومی ورکرز کنونشن اور مینار پاکستان پر جلسہ عام تاریخی کامیابی ہے ، ان شاء اللہ 5 جون کو اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کے منشور کا اعلان ہوگا ۔ عید کے بعد پشاور ، ملتان ، کراچی ، کوئٹہ ، راولپنڈی ، مالاکنڈ ، ایبٹ آباد ، ڈیرہ اسماعیل خان ، بہاولپور ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد کے جلسہ عام قومی سیاست میں محبان دین ووٹرز کو یکسو اور یک جان کردیں گے ۔