پاکستان ریلویز کا عید پر خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

مسافروں کے رش کے پیش نظر ریل کار اور گرین لائن کے ساتھ اضافی بوگیاں لگانے کا فیصلہ

پیر 4 جون 2018 16:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) پاکستان ریلویز عید الفطر پر مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام تراقدامات بروئے کا رلارہی ہے جبکہ عید پررش کے باعث خصوصی ٹرینیں بھی چلائی جائیں گی ۔ان خیالات کا اظہار ڈویژنل کمرشل آفیسر راولپنڈی رضاعلی حبیب نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ عید الفطر کے موقع پر کراچی وکوئٹہ سے پشاور اور راولپنڈی کے لیے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی جو کہ عید کے چوتھے اور پانچویں دن تک جاری رہیں گی ۔

انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر معمول کی ٹرینوں بشمول ریل کار اور گرین لائن کے ساتھ اضافی بوگیاں لگائی جائیں گی تاکہ عید کے موقع پر آبائی گھروں کو جانے والے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔

(جاری ہے)

رضا علی حبیب نے اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان ریلوے عید کے موقع پر ’’تھل ایکسپریس ‘‘ کی راولپنڈی سے ملتان براستہ کندیاں خصوصی سروس بھی شروع کر ے گی جبکہ ٹرینوں میں اضافی بوگیاں ایک ماہ کے لیے لگائی جائیں گی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ پاکستان ریلویز کی جانب سے رمضان المبارک میں کرایوں پر 2فی صد کی رعایت کا اطلاق (آج)20رمضان المبارک تک رہے گا تاھم مسافر 20شوال تک کی ایڈوانس بکنگ سے استفادہ کر سکیں گے ۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔

ریلوے اسٹیشن پر مسلح پولیس دستے تعینات کیے گئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں جو کہ مشتبہ سامان اور اشخاص پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔پاکستان ریلویز نے مسافروں کی سہولت کے لیے عید الفطر کے پہلے اور دوسرے دن کے سفر پر کرایوں میں 30فی صد رعائت کا اعلان بھی کیا ہے ۔پاکستان ریلویز کی افسر تعلقات عامہ کے مطابق یہ رعائت بھی ایڈوانس بکنگ پر ہے ۔