مسلمانوں کیخلاف ہونیوالی سازشوں کے خاتمے کیلئے ہمیں ایک ہونا ہو گا‘پاکستان علماء کونسل

ارض حرمین الشریفین کی سلامتی استحکام اور دفاع کے لیے ہر مسلمان تیار ہے‘ترجمان صاحبزادہ شکیل الرحمن قاسمی

پیر 4 جون 2018 16:40

اوکاڑہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) اسلامی ممالک اور مسلمانوں کیخلاف ہونے والی سازشوں کے خاتمے کے لیے ہمیں ایک ہونا ہو گا، ارض حرمین الشریفین کی سلامتی استحکام اور دفاع کے لیے ہر مسلمان تیار ہے، اسرائیل اور بھارتی مظالم صبح شام بڑھ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل پنجاب کے ترجمان صاحبزادہ شکیل الرحمن قاسمی نے تحفظ حرمین الشرفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کانفرنس میں پاکستان علماء کونسل کے نائب صدر مولانا عطاء اللہ رحمی ،جنرل سیکرٹری مولانا اشرف عاطف مولانا محمد اسلم ،جمعیت علماء پاکستان کے ضلعی سیکرٹری ڈاکٹر حبیب اللہ چوراہی ،جمعیت اہلحدیث کے رہنما مولانا سعید انور لکھوی اور محمد عمر چوہدری اور انجمن تاجران کے نمائندگان سمیت دیگر نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کیلئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کے لیے پاک افغان سرحد پر انتہاپسند گروپوںکو مضبوط ٹھکانے فراہم کئے جارہے ہیں پاکستانی قوم کو لسانی ،فرقہ وارانہ اور صوبائی تعصبات کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے جسے ناکام بنایا جائیگا ۔

مولانا شکیل الرحمن قاسمی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل 20رمضان المبارک سے 30رمضان تک عشرہ تحفظ حرمین الشریفین منائے گی ۔