امیرالمومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت (کل)انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا

ملک بھر میں مجالس ، سیمینارز ، کانفرنسز کا انعقاد کیا جائیگا،ماتمی جلوس برآمد ہوں گے ،سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے جائینگے

پیر 4 جون 2018 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) داماد رسول ؐ،امیرالمومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت کل بروز ( بدھ )21رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مجالس ، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے ۔

اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔ لاہور میں اندرون شہر مبارک حویلی موچی دروازے سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہواچوہٹہ مفتی باقر اور کوتوالی چوک پہنچے گا، جہاں جلوس کے شرکا نماز ظہرین ادا کریں گے، مرکزی جلوس رنگ محل، پانی والا تالاب، ٹبی سٹی، بازار حکیماں سے ہوتا ہوا بھاٹی چوک پہنچے گا اور شام کے وقت کربلا گامے شاہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ملک کے دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروںسے جلوس برآمد ہوں گے جس کیلئے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں جلوسوںمیں داخلے کیلئے مخصوص راستے رکھے جائیں گے اور شرکاء کو جامع تلاشی کے بعد ہی شامل ہونے کی اجازت ہو گی۔پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جلوس کے روٹس کی سرچ اور سویپنگ جاری ہے جبکہ جلوس کے راستے میں آنے والے کاروبار مکمل طو رپر بند رہیں گے۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں اہلکار جلوسوںکی سکیورٹی پر مامور ہوںگے ۔ فائربریگیڈ ، بم ڈسپوزل سکواڈ اور ایمبولینسز بھی جلوسوں کے ہمراہ ہوں گی۔جلوسوں کی کڑی نگرانی اور حفاظتی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کر دئیے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :