کراچی، بلدیہ وسطی میں ترقیاتی کاموں کا تسلسل جاری

نارتھ کراچی زون یونین کمیٹی نمبر 4میں 15000اسکوائر فٹ سڑک کی استر کاری مکمل

پیر 4 جون 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) بلدیہ وسطی میں ترقیاتی کام تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، عوامی کی فلاح بہبود کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل برئوے کار لائے جارہے ہیں ۔ نارتھ کراچی میں رمضان المبارک کے دورا ن پندرہ ہزار اسکوائر فٹ مخدوش سڑک کی استر کاری کا کام مکمل کرلیا گیا۔علاقہ مکینوں کی جانب سے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی سے اظہارِ تشکّر۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ وسطی کے نارتھ کراچی زون کی یوسی 4کے علاقے سیکٹر الیون ۔اے، میں پندرہ ہزار فٹ مخدوش سڑک کی استر کاری کا کام تکمیل کو پہنچ گیا۔ علاقہ مکینوں نے سڑک کی کارپیٹنگ کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل پر چیئرمین بلدیہ وسطی کا شکریہ اداکیا۔مذکورہ سڑک کی استرکاری سے نہ صرف ٹریفک کے بہائو میں روانی ہوگی بلکہ ارد گرد کے علاقہ مکینوں اور تجارتی مراکز کو نقل و حمل میں فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سڑکوں کی پیوند کاری اور استر کاری سے قبل واٹر اینڈ سیورئج کی لائنیں بچھائی گئی تھیں جو کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری تھی مگر بلدیہ وسطی کی انتظامیہ نے اپنے لوگوں کو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے اپنے اخراجات پر سڑک کی استرکاری مکمل کرائی ۔اُدھر سیوریج کے پانی کی وجہ سے سڑکیں تباہ حالی کا شکار تھیں تاہم فنڈز کی کمی کے باوجود اپنی عوام کو فراہمی آب اور نکاسی آب کے مسائل سے نجات دلانے کے لئے کروڑوں روپے کی لاگت سے واٹر اینڈ سیوریج کی لائنیں ڈالی گئیں ۔

مذکورہ سڑک کی تعمیرسے اردگرد کی رہائشی آبادی اور تجارتی مراکز سے تعلق رکھنے والے افراد کو آمد و رفت میں بہت فائدہ پہنچے گا جبکہ خریداروںکو بازارپہنچنے میں دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔یہ بات بھی عیاں ہے کہ حکومتِ سندھ نے کراچی کی شہری حکومت اور بلدیاتی اداروں کے فنڈز میں خاصی کمی کردی ہے جس کی بنا پر ہر ضلع مالی پریشانی کاشکار ہے ۔تاہم چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی اپنے محدود وسائل کو اثر پذیر منصوبہ بندی کے ذریعے ایڈجسٹ کرکے اپنے منصوبے مکمل کررہے ہیں۔ مذکورہ سڑک کی استر کاری بھی ان ہی کاموں کا تسلسل ہے ۔مقامی آبادی کے لئے یہ ایک دیرینہ مسئلہ تھا جس کی تکمیل پر علاقہ مکینوں نے ریحان ہاشمی کاشکریہ ادا کیا۔