ایمریٹس نے نیو وارک اور دبئی کے درمیان براہ راست پرواز کا آغاز کردیا

پیر 4 جون 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) ایمریٹس نے بذریعہ دبئی امریکی ریاست نیوجرسی کے نیو وارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے براہ راست پروازیں شروع کردی ہیں۔ اسکی موجودہ یومیہ فلائٹ یونان کے شہر ایتھنز میں ایک اسٹاپ کے ساتھ آپریٹ ہو رہی ہے۔ ایمریٹس کی جانب سے اس روٹ پر نئی اور نان اسٹاپ پرواز اسکے بوئنگ 777-300 ای آر طیارہ سے آپریٹ کی جارہی ہے۔

یہ طیارہ 3 کلاس کنفیگریشن کا حامل ہے جس کی فرسٹ کلاس میں 8 پرائیویٹ سوٹس، بزنس کلاس میں 42 نشستیں اور اکانومی کلاس میں 306 نشستیں شامل ہیں۔ یہ پرواز (ای کے 223) دبئی کے مقامی وقت کے مطابق رات بجے روانہ ہوگی اور نیووارک میں 9 بجے پہنچے گی۔ ریٹرن فلائٹ (ای کے 224) صبح 11:50پر روانہ ہوگی اور نیو وارک میں 9 بجے پہنچے گی۔

(جاری ہے)

اس کے نئے اوقات کار ایمریٹس کی موجودہ سروس میں شامل کئے گئے کیونکہ یہ مسافروں کو نیو وارک میں صبح آنے اور جانے کا نیا آپشن فراہم کررہی ہے۔

ایمریٹس کے نیٹ ورک میں اس دوسری یومیہ پرواز کے اضافے کی بدولت اسکی نیو وارک کے ساتھ کنکٹویٹی میں بہتری آئے گی اور خاص طور پر افریقہ، مشرق بعید اور برصغیر آنے جانے والے مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔ گزشتہ سال نیو وارک سے آنے و جانے والے مسافروں نے ممبئی، نئی دہلی، بیروت، بینکاک، دبئی، شنگھائی، ہانگ کانگ اور عدیس بابا کا بھی سفر کیا۔

اسکے علاوہ مسافرفلائی دبئی کے 90 سے زائد مقامات کے کوڈ شیئر سے بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔ ایمریٹس کے ڈیویژنل سینئر وائس پریذیڈنٹ، کمرشل آپریشنز ویسٹ ہوبرٹ فراچ نے کہا، "ہم مسافروں کو ایمریٹس کے بہتر سفری آپشنز کی فراہمی پر کافی پرجوش ہیں۔ اس نان اسٹاپ پرواز سے نہ صرف ہماری ایوارڈ یافتہ سروس کی طلب پوری ہونے کے ساتھ نہ صرف اسکی گنجائش دو گنا ہوجائے گی بلکہ دبئی اور اس سے بھی آگے جانے والے مسافروں کے لئے پہلے سے بہتر انتخاب اور آسان کنکٹویٹی کی سہولت بھی فراہم ہوگی ۔

ہمیں توقع ہے کہ اس سروس سے مسافروں کی آمد میں اضافہ، کاروبار میں پھیلاؤ، اہم مقامات کے درمیان ثقافتی و تفریحی رابطے اور نیوجرسی میں کاروبار پھیلے گا اوراسکے نتیجے میں اسکی برآمدات دنیا بھر میں میں پھیلیں گی۔" اس نئی یومیہ پرواز کی بدولت عالمی سطح پر سفر کرنے والے مسافروں کے لئے ٹرائی اسٹیٹ خطے میں سفر کی سہولت آسان ہوجائے گی جو اس خطے کو ایمریٹس کے وسیع عالمی نیٹ ورک سے ملاتا ہے۔

خاص طور پر ایسے مسافر جو پاکستان، بھارت یا مالدیپ جیسے ملکوں سے طویل سفر طے کرکے نیو جرسی پہنچتے ہیں۔ اب ان کے سفر کا وقت کم ہوجائے گا خصوصاًًجب وہ کاروباری، فیملی تقاریب یا ہنی مون وغیرہ کے لئے سفر کر رہے ہوں۔ اس نئی پرواز کے اضافے کا مطلب ہے کہ ایمریٹس کی دبئی سے نیویارک یومیہ آپریٹ ہونے والی پانچ پروازیں بھی جاری رہیں گی۔ اب نیو وارک سے ایمریٹس کی ایک نان اسٹاپ فلائٹ براہ راست دبئی آپریٹ ہوگی جبکہ دوسری پرواز براستہ ایتھنز آپریٹ ہوگی۔

نیو جرسی اور ٹرائی اسٹیٹ خطے اور اس سے آگے جانے والے مسافر ایمریٹس کی جیٹ بلو ایئر ویز، الاسکا ایئرلائنز کے ساتھ شراکت داری کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس کی بدولت وہ امریکہ، کیریبین اور میکسیکو بھر کے 100 سے زائد مقامات پر سفر کرسکتے ہیں۔ ایمریٹس سے سفر کرنے والے مسافر دبئی اسٹاپ اوور پیکج بک کروا سکتے ہیں جس کی بدولت وہ 155 سے زائد مقامات پر سفر کرنے سے قبل دبئی میں چند روز قیام بھی کرسکتے ہیں۔

ایمریٹس امریکہ کے 12 مقامات پر سفری سہولیات فراہم کررہا ہے اور ابھرتے ہوئے ممالک کے ساتھ امریکہ کی معاشی ترقی، تجارت اور ملازمت کے مواقع بڑھانے کے لئے معاونت کررہا ہے۔ مشرقی ایشیاء ، افریقہ اور ایشیا پیسفک نیٹ ورک کے 80 سے زائد مقامات میں سے 67 مقامات پر کوئی امریکی ایئرلائن براہ راست سفر کی سہولت فراہم نہیں کرتی۔ ایمریٹس کا بھارت اور امریکہ کے درمیان نیٹ ورک کا کوئی مقابلہ نہیں ہے اور کسی بھی غیرملکی ایئرلائن کے مقابلے میں ایمریٹس یہاں سب سے زیادہ پروازوں کی سہولت فراہم کرتا ہے اور یورپ کے مختلف مقامات سے کنیکٹ کرنے والی دیگر ایئرلائنوں کے مقابلے میں سفر کا وقت کم لیتا ہے۔