عیدالفطر کے موقع پر زائد کرایوں کی وصولی کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل

پیر 4 جون 2018 16:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد یامین ستی نے عید الفطر کے موقع پر زائد کرایوں کی وصولی کی روک تھام کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں ۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد یامین ستی نے پیر کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ عید الفطر کے موقع پرٹرانسپورٹ اڈوں اور مسافروں کی سیکورٹی ،زائد کرایوں کی وصولی کی روک تھام اور دیگرا قدامات کے حوالے سے مقامی ٹرانسپورٹرز کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی گئی ۔

اس اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ٹرانسپورٹ اڈوں اور مسافروں کی سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کریں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں ہدایت کی گئی کہ اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ کی شکایت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

خالد یامین ستی نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ کرائے نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کیے جائیں اور وصول شدہ رقم کا ٹکٹ جاری کیا جائے ۔

خالد یامین ستی نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز کوخبردار کیا گیاہے کہ زائد کرایوں کی شکایات پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔دریں اثناء ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد یامین ستی نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ عید تعطیلات میں دوسرے شہروں کو جانے والے پردیسیوں سے عمومی طور پر اوور چارجنگ کی شکایات موصول ہوتی ہیں جن کے فوری ازالہ کے لیے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے تین خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو ازخود کارروائی کے ساتھ ساتھ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیں گی ۔

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد یامین ستی نے اے پی پی کو بتایاکہ زائد کرایوں کی وصولی و دیگر شکایات کے اندراج کے لیے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے یو اے این نمبر 0800-02345اور 051-9270011جاری کیا ہے جن پر مسافر صبح 8بجے سے شام8بجے تک اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :