پیما کی نہتے فلسطینیوں بالخصوص طبی اداروں پر اسرائیلی بمباری کی مذمت

پیر 4 جون 2018 17:23

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی صدر پروفیسر محمد افضل میاں نے غزہ پر حالیہ اسرائیلی بمباری اور بالخصوص ہسپتالوں اور طبی عملے پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، ہیومن رائٹس کے اداروں اور مسلم ممالک بشمول پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے مسلمانوں کی منظم نسل کشی کے سلسلے کو روکا جائے۔

پیما کے صدر نے 21سالہ رزان النجار کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جو کہ گزشتہ روز اسرائیل-غزہ سرحد پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے شہید ہوگئی تھیں۔ پروفیسر افضل میاں نے کہا کہ جنیوا کنونشن کے تحت طبی عملے پر حملے جنگی جرم ہیں اورعالمی برادری کو اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی ان کھلی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

رزان النجار شہید کی قربانی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ سفید کوٹ میں ملبوس اس پرعزم نرس نے مشکل حالات میں بھی خدمات کی انجام دہی کے ذریعے میڈیکل پروفیشنلز کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی تشویشناک ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے جہاں نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہیں طبی اداروں اور بالخصوص ابتدائی طبی امداد دینے والے پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔