امیر مقام خان کو حلقہ این اے 8ملاکنڈ سے الیکشن لڑنے کی دعوت

پیر 4 جون 2018 17:23

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) مسلم لیگ ن ملاکنڈ نے صوبائی صدر اور سابق وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام خان کو حلقہ این اے 8ملاکنڈ سے الیکشن لڑنے کی دعوت دیدی ۔ پانچ سال سے ترقیاتی کاموں اور عوام کے فلاح کے منصوبوں سے محروم ضلع ملاکنڈ کوانجینئر امیر مقام جیسی قیادت کی ضرورت ہے ۔ انتخابات کے لئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور انشاء الله عام انتخابات میں ملاکنڈ کی تینوں نشستوں پرمسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی کیونکہ تبدیلی کے دعویداروں کو عوام نے آزما لیا ہے اور مذید دلفریب نعروں پر دھوکہ نہیں کھائینگے ۔

صوبائی صدر انجینئر امیرمقام کو ملاکنڈ سے الیکشن لڑنے کی دعوت ضلعی جنرل سیکرٹری اور حلقہ پی کے 19سے ٹکٹ کے اُمیدوار گل زمان خان ، تحصیل صدر مشتاق خان ایڈوکیٹ ، ضلعی سینئر نائب صدر یار محمد خان ،حاجی ولی محمد، عامر نواب خان ،صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز (ر) نورکرم خان ، حاجی گل زمان ، نیک عمل لالا ، افتخار احمد ، مکمل شا ہ اور ظاہر شاہ خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ ن ملاکنڈ کے سرکردہ کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ضلعی جنرل سیکرٹری گل زمان خان اور دیگر قائدین نے کہا کہ ہم مرکزی و صوبائی قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی صدر انجینئر امیرمقام کو ملاکنڈ این اے 8سے الیکشن لڑنے کے لئے آمادہ کریں کیونکہ انجینئر امیر مقام ملاکنڈ میں سیاسی پہچان رکھتے ہیں اور ملاکنڈ کے عوام ان کے کردار اور کارکردگی سے مستفید ہونے کے متمنی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ سے متعدد کارکنوں نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے نشستوںپر الیکشن لڑنے کے لئے فارم جمع کئے ہیں جن کے انٹرویو بھی ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود سب کارکن اور ٹکٹ کے اُمیدواران صوبائی صدر کے ملاکنڈ سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ میں سیاسی تبدیلی لازمی ہے کیونکہ پانچ سال تک ملاکنڈ کے عوام اپنے ایم این اے ہونے کے باوجودترقیاتی کاموں اور فلاحی منصوبوں سے محروم رہے ہیں اور انشاء الله انجینئر آمیر مقام کی قیادت میں ملاکنڈ میں کلین سویپ کرتے ہوئے یہاں کے عوام کا تقدیر بدل دیں گے ۔

ضلعی و تحصیل قائدین اور ٹکٹس کے اُمیدواروں نے کہا کہ مکمل تیاری کیساتھ میدان میں اُتریں گے اورملاکنڈ کے عوام ثابت کرینگے کہ میاں محمد نواز شریف اور مرکزی صدر میاں شہباز شریف پر ان کے اعتماد میںمزید اضافہ ہو گیا ہے ۔