انسداد تجاوزات کے لئے ایکشن پلان اور ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، چیف کمشنر آفتاب اکبر درانی

پیر 4 جون 2018 17:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی نے تجاوزات کے خاتمے کے لئے سی ڈی اے ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیموں کو ہدایت کی ہے تجاوزات کے خاتمے کے لئے جاری مہم مزید تیزکریں ، تجاوزات ختم کرنے کے لئے ایکشن پلان اور ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور پلان کے مطابق شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کریں ۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے یہ ہدایات سی ڈی اے انتظامیہ اور پولیس کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔ انہوںنے کہا کہ گرین بیلٹس کی خوبصورتی کا خیال رکھا جائے اورگرین بیلٹس میں تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ اجلاس میں کو رنگ نالے سے بھی تجاوزات کے خاتمہ پر جاری کاروائی کاجائزہ لیاگیا اور بتایاگیاکہ کورنگ نالے سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد ، ڈائریکٹر ایڈمن محمد علی ، ڈائریکٹر فنانس ڈیویلپمنٹ سید نجف اقبال ، ایس ایس پی اسلام آباد اور سی ڈی اے کے افسروں نے شرکت کی ۔اجلاس کو بتایاگیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے ایکشن پلان پر بھرپور انداز میں عمل درآمد ہورہا ہے اور سی ڈی اے انتظامیہ اور پولیس کی ٹیمیں مکمل ہم آہنگی کام کررہی ہیں ۔ انتظامیہ اور پولیس سی ڈی اے ٹیموں کو بھرپور معاونت فراہم کررہی ہے اور ایکشن پلان حکمت عملی کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے ۔ ہفتے میں تین دن تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لئے مخصوص ہیں اور اس میں جن مقامات پر آپریشن ہوناہوتا ہے وہاں کیٹیگری وائز لسٹ کے مطابق عمل درآمد ہو رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :