قوالی شاندار روایت ہے، نوجوان اس فن کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، محمد احمد شاہ

پیر 4 جون 2018 17:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ قوالی صدیوں پرانا علم و فن ہے جو دیگر فنون میں سے زیادہ اہم اور مقبول عام ہے، سینہ بہ سینہ ہم تک پہنچا اور اب شاندار روایت بن چکی، جس سے بڑے بڑے نامور قوال منسلک رہے اور اب نوجوان اس فن کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام سالانہ محفل قوالی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل میں ہر سال رمضان المبارک میں قوالی کی محفل منعقد ہوتی ہے، ماضی میں نامور قوال اس محفل میں کلام پیش کر چکے، نوجوان قوال حمزہ اکرم نے قوالی کے شعبے میں نہایت خوش اسلوبی سے کام کرتے ہوئے ہماری نوجوان نسل کو قوالی کی جانب راغب کیا ہے اب نوجوان حمزہ اکرم کو سننا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

آرٹس کونسل کے نوجوان ممبران کی خواہش پر آج اس نوجوان کو آرٹس کونسل کے سالانہ قوالی کے پروگرام میں بلایا گیا ہے، نوجوانوں سمیت ممبران نے اس پروگرام کو بہت پسند کیا۔ صدر آرٹس کونسل نے مزید کہا کہ آج کے افراتفری کے دور میں بعض آرٹسٹ اپنے فن کے معیار کو ترویج دینے کے بجائے جلد از جلد شہرت یافتہ بننا چاہتے ہیں جو فن اور فنکار دونوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے، جو فن کار فن پر توجہ دیں وہ ناکام نہیں ہو سکتے۔

احمد شاہ نے کہا کہ شہرت اور فن دو علیحدہ چیزیں ہیں اور جس آرٹسٹ کو یہ دونوں میسر آجائیں وہ قلندر ہو جاتا ہے۔ انہوں نے نوجوان قوال حمزہ اکرم کے کام کو بے حد سراہتے ہوئے کام کو مزید بہتر بنانے کی تلقین بھی کی۔ صدیوں سے قوالی کی صنف کی خدمت کرنے والے خاندان کے چشم حمزہ اکرم کا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل ایک تاریخ ساز ادارہ ہے اور ماضی میں اس مقام پر میرے دادا منشی رضی الدین بھی کلام پیش کر چکے ہیں۔ محفل قوالی کی تقریب میں حمزہ اکرم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کرکلام پیش کیا۔