پاکستان بیلا روس کیساتھ صنعت ، تجارت اور زراعت کے شعبو ں میں اضافے کا خواہشمند ہے ،ممنون حسین

دونوں ملک صنعت ، تجارت اور زراعت سمیت بہت سے شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں اضافہ کرسکتے ہیں، دو طرفہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون میںاضافے پر توجہ دی جائے، صدر مملکت کی بیلا روس کیلئے نامزد سفیر کو ہدایت

پیر 4 جون 2018 17:34

پاکستان بیلا روس کیساتھ صنعت ، تجارت اور زراعت کے شعبو ں میں اضافے کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بیلا روس کے ساتھ صنعت ، تجارت اور زراعت کے شعبو ں میں اضافے کا خواہشمند ہے اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات پیر کو بیلاروس کیلئے پاکستان کی نامزد سفیر لینا سلیم معظم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان انتہائی گہرے دوستانہ مراسم ہیں اور دونوں ملک صنعت ، تجارت اور زراعت سمیت بہت سے شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں اضافہ کرسکتے ہیں۔انھوں نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ دوطرفہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون میں اضافے پر فوری توجہ دیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفیر بیلاروس میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد تاجروں اور صنعت کاروں کے دوطرفہ دوروں میں اضافے کا اہتمام کریں اس سے دونوں ممالک کے متعلقہ لوگ تعاون کے مزید شعبے تلاش کرسکیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بیلاروس کے صدر لوکا شینکو پاکستان کے بہترین دوست ہیں اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں اضافے کیلئے پرجوش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان بھی بیلاروس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے کیلئے پرجوش ہے۔