فاٹا کا خیبرپختونخوا میں ادغام آئین پاکستان کی تشکیل کے بعد سب سے بڑا واقعہ ہے ، محمد نواز شریف

فیصلے سے فاٹا کے عوام کی زندگی میں انقلاب آئے گا، خواہش ہے فاٹا میں بھی 25 جولائی کو ہی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہو ں تاکہ فاٹا کے ممبران صوبائی اسمبلی کے پی کے اسمبلی میں پیکیج پر عملدرآمد کیلئے بھرپور کردار ادا کریں،فاٹا یوتھ جرگہ کے ارکان سے خطاب

پیر جون 17:34

فاٹا کا خیبرپختونخوا میں ادغام آئین پاکستان کی تشکیل کے بعد سب سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہاہے کہ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں ادغام آئین پاکستان کی تشکیل کے بعد سب سے بڑا واقعہ ہے اس فیصلے سے فاٹا کے عوام کی زندگی میں انقلاب آئے گا، خواہش ہے فاٹا میں بھی 25 جولائی کو ہی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہو جائیں تاکہ فاٹا کے ممبران صوبائی اسمبلی کے پی کے اسمبلی میں پیکیج پر عملدرآمد کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

یہ بات انہوں نے فاٹا یوتھ جرگہ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ فاٹا یوتھ جرگہ کے ارکان اپنے سرپرست اور معروف صحافی سلیم صافی ، چیئرمین ریحان زیب اور صدر نظام الدین کی قیادت میں نواز شریف کا شکریہ ادا کرنے کیلئے یہاں سابق وفاقی وزیر عباس آفریدی کی رہائش پر آئے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریم نواز شریف،، سینیٹر پرویز رشید ، سابق مشیر عرفان صدیقی،، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی ، عباس آفریدی اور صدیق الفاروق بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے جرگہ کے ارکان سے کہا کہ آپ لوگ نئے سفر کا آغاز کررہے ہیں۔ آپ ووٹ سے محروم رہے ہیں اور ووٹ کی عزت اور اہمیت سے واقف ہیں اس لئے مجھے یقین ہے کہ آپ حالیہ بلوچستان اسمبلی کے ارکان جیسا کردار کبھی ادا نہیں کریں گے۔ آپ یقینا ایسا کردار ادا کریں گے جو پورے پاکستان کیلئے باعث تقلید ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت نہ دینے کی وجہ سے آج خطے کے کئی ملک پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں۔ ہمارے جسم سے الگ ہونے والا بنگلہ دیش آج معاشی ترقی، تعلیم ، صنعت ہر شعبہ میں ہم سے آگے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو ہونیوالے انتخابات بارے بین الاقوامی میڈیا قبل از انتخابات دھاندلی کی رپورٹس دے رہا ہے۔ ان انتخابات کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج میں پاکستان کے مفادات اور آئین کی بالادستی کیلئے بیشمار مشکلات برداشت کررہا ہوں۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ آئین کی بالادستی کو اپنی زندگی کا مشن بنا لیں اسی میں ذاتی عزت اور ملکی مفادات کا تحفظ پوشیدہ ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلیم صافی نے فاٹا کے ادغام کے حوالے سے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف،، مسلم لیگ (ن) کا اجتماعی ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سپیکرسردار ایاز صادق ، سرتاج عزیز اور بیرسٹر ظفر اللہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ فاٹا کے عوام کا عزت کا رشتہ ساری زندگی کیلئے ہے۔ اس موقع پر جرگے کے چیئرمین ریحان زیب اور صدر نظام الدین نے اپنے الگ الگ خطاب میں کہا کہ ہمارا مشن ہر حال میں آئین کی عملداری اور آئینی تسلسل ہے۔ آئین ہر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا یوتھ جرگہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے نوجوان ہیں لیکن وہ یوتھ جرگے میں سیاسی وابستگیوں سے بلند ہو کر متحد ہیں۔