نیا ناظم آباد رمضان کپ ‘ نیشنل بینک فائنل کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب

پیر 4 جون 2018 17:46

نیا ناظم آباد رمضان کپ ‘ نیشنل بینک فائنل کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) اسٹیٹ بینک کی مایوس کارکردگی نے انہیں پانچواں نیا ناظم آباد رمضان کپ فلڈ لٹ ٹی ٹوئنٹی کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا جب انہیں نیشنل بینک کیخلاف 7 وکٹوں کی شکست کا داغ لگا۔اسٹیٹ بینک کا 126رنز کا ہدف نیشنل بینک نے 3وکٹوں پر حاصل کرکے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

رمیز راجہ کی نصف سنچری اور عبدالرحمن کی 3وکٹیں کارگر ثابت ہوئیں۔ جنہیں جیوری نے مشترکہ مین آف دی میچ قرار دیا انہیں انٹرنیشنل اسٹار رومان رئیس نے کیش ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ سیکریٹری عمران حق،منیجر مارکیٹنگ ، احمر علی رضوی، ہیڈ آف ایچ آر اور ایڈمن، میجر فہیم فاروق، ممبر ٹورنامنٹ کمیٹی خالد یاسین، محمد عاکف و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کی ٹیم 2016کا فائنل کھیلنے کا اعزاز رکھتی ہے۔فائنل میں انہیں سوئی نادرن گیس نے شکست دی تھی۔ جبکہ نیشنل بینک کی ایونٹ میں یہ تیسری انٹری ہے اور انہیں پہلی با ر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے ۔ فائنل میں ان کا مقابلہ عمر ایسوسی ایٹس سے ہوگا جو 2013اور2014کی ونر اور2015کی رنر اپ تھی۔ لوائی کرکٹ اسٹیڈیم نیا ناظم آباد کے خوبصورت اسٹیڈیم پر اسٹیٹ بینک کی ٹیم نے ٹاس جت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 19.5اوورز میں 125رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

صاحبزاچہ فرحان 32رنز یں 3چوکے لگا کر ٹاپ اسکورر بنے ۔ مختار احمد نے 30رنز میں 3چوکے اورایک چھکا لگایا ۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین پہلی وکٹ پر 60رنز جوڑے گئے۔مصدق احمد نے 12رنز میں ایک چھکا لگایا۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر اننگز نہ کھیل سکا۔ عبدالرحمن ن ے 16رنز پر3وکٹیں اڑائیں۔ بلال آصف کو 17رنز پر2جبکہ رضاحسن، سہیل تنویر، غلام مدثر اور رضا علی ڈار کو ایک ایک وکٹ ملی۔

نیشنل بینک کو جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا ار باآسانی 126رنز 3وکٹوں پر حاصل کرلئے گئے جب 18اوورز کا کھیل مکمل ہوا۔رمیز راجہ نے میچ وننگ نصف سنچری میں 4چوکے اور 3چھکے لگائے۔ علی اسد کے 32رنز میں 3چوکے شامل تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین دوسری وکٹ پر 66رنز کی رفاقت قائم ہوئی۔نوید یاسین نے ناقابل شکست 16رنز میں ایک چوکا، احسن علی نے 12رنز میں ایک چھکا جبکہ بلال آصف کے ناقابل شکست 11رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔دانیال راجپوت اور ذوالفقار بابر کو ایک ایک وکٹ ملی۔ایمپائرز طاہر رشید اور آل حیدر، آفیشل اسکوررمحمد احسن اورجنید افضل جبکہ میچ ریفری اقبال شیخ تھے۔