ملک کی ضرورت کا اہم ترین اور بڑا ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ، فنڈز بھی مختص کر دیے گئے

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے لئے بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیرکے لئے 65 ارب روپے مختص

پیر 4 جون 2018 18:11

ملک کی ضرورت کا اہم ترین اور بڑا ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ، فنڈز بھی مختص ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) حکومت نے آئندہ مالی سال کے لئے بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے بجٹ 36 ارب سے بڑھا کر 65ارب روپے کر دیا ہے۔ سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت آئندہ مالی سال کے لئے بھاشا ڈیم کی تمعیر کے لئے 23 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ مالی سال 2018-19ء میں 7 نئی سکیموں سمیت پانی کے دیگر وسائل کے لئے 849 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

ان نئے منصوبوں میں نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان فور، دیامیر بھاشا ڈیم، سی بی آر سی فرسٹ لفٹ کم گریوٹی پروجیکٹ ڈیرہ اسماعیل خان، مہمند ڈیم پن بجلی منصوبہ، کے بی فیڈر اپر کینال کو کراچی شہر کو پانی کی سپلائی کے لئے لنک کرنا، سکھر بیراج کی بحالی اور آرائش، منچھر جھیل سے فیڈنگ کینال کی تعمیر شامل ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح مخصوص علاقوں میں منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے لئے 62 ارب روپے ( آزاد جموں کشمیر کے لئے 22ارب روپے ، گلگت بلتستان کے لئے 15 ارب روپے اور فاٹا کے لئے 25ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

اسی طرح ہائر ایجوکیشن سمیت اعلیٰ تعلیمی پروگراموں کے لئے 57ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کے منصوبوں انٹر پرائس ریسورس پلاننگ سسٹم ایک لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کرنا، انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں لیبارٹریوںکو جدید بنانا، سائبر سکیورٹی کے لئے سنٹر آف ایکسیلینس قائم کرناسمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔