قرآن سے تعلق باعث مسلمان دنیا کے حکمران بنے،جب امت کا قرآن کے ساتھ تعلق کمزور ہوا تو پستی میں جاگری،مسلمانوں کا عروج و زوال قرآن کے ساتھ وابستہ ہے ،

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان کا افطا ر ڈنر کے موقع پر خطاب

پیر جون 18:46

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ قرآن کے ساتھ تعلق کے باعث مسلمان دنیا کے حکمران بنے اور ساری دنیا پر حکومت کی،جب امت کا قرآن کے ساتھ تعلق کمزور ہوا تو پستی میں جاگری،مسلمانوں کا عروج و زوال قرآن کے ساتھ وابستہ ہے ،آج نوجوان اگر حقیقی معنوں میں قرآن کے ساتھ تعلق قائم کریں اور اپنی زندگی قرآن کے مطابق گزاریں تو معاشرے میں بڑی تبدیلی آسکتی ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کارپوریشن کے زیر اہتمام افطا ر ڈنر کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان،امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ سجاد انور،امیر کارپوریشن قیوم افسر،صلاح الدین سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ رمضان المبار ک اللہ کی رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے یہ قرآن کا مہینہ ہے چودہ سوسال قبل مسلمانوں کا عروج اسی قرآن کے ساتھ تعلق کی بنیاد پر ہوا تھا اور آج بھی اسی تعلق کی بنیاد پر مسلمان عروج پر پہنچ سکتے ہیں ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم نے قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو کمزور کر لیا اسلامی اقدار اور تہذیب اختیار کرنے کے بجائے مغربی تہذیب کے دلدادہ ہو گے جس کی وجہ سے آج ہم ذلت اور رسوائی کا شکار ہیں ،انہوں نے کہاکہ آپ خوش قسمت لوگ ہیں جو اس تحریک سے وابستہ ہیں اور اللہ کے دین کے قیام اور غلبے کے لیے سرگرم ہیں کچھ لوگ معاشرے میں اپنے علاقے ،اولاد اور وطن کے لیے برئوے کار آتے ہیں وہ کام کرجاتے ہیں جوان کا ہدف ہوتا ہے ہم تو اللہ کے نظام کے قیام اور غلبے کے لیے برسرپیکار ہیں اللہ کی نصرت ہمارے شامل حال ہو گی انہوں نے کہاکہ یہ خطہ ہمارے اسلاف نے اللہ کے نظام کے قیام اور غلبے کے لیے حاصل کیا تھا لیکن 70سال گزرنے کے باوجود وہ مقاصد حاصل نہیں ہوئے جماعت اسلامی ان ہی مقاصد کی تکمیل کے لیے جدوجہد کررہی ہے ہمارا مشن اسلامی نظام کے قیام اور غلبے کا مشن ہے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان نے کہاکہ قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں اپنا تزکیہ کریں ،رمضان در اصل تربیت گاہ ہے اس ماہ مبارک میں انسان جو تقویٰ ،ایثار اور قربانی کا جذبہ اپنے اندر پیدا کرتا ہے وہ بقیہ 11ماہ میں ان کو برئوے کا ر لاکران تمام برے کاموں سے بچتا ہے جس طرح رمضان المبارک میں بچا تھا آئیے قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کیجیے اور دنیااور آخرت میں کامیابی حاصل کیجیے ۔