دولت کو مستحق افراد پر خرچ کرنیوالے آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں‘ چیف جسٹس چوہدری ابراہیم ضیاء

پیر 4 جون 2018 18:46

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) چیف جسٹس آزادکشمیر سپریم کورٹ جسٹس چوہدری محمدابراہیم ضیا نے کہا ہے کہ دولت کو مستحق افراد پر خرچ کرنیوالے آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں،یتیم کی کفالت کرنا، مستحق کی ضرورت پوری کرنا ایک بڑا کام ہے اور یہ کام وہی کرتے ہیں جن کو اللہ تعالیٰ توفیق عطا فرماتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف سماجی تنظیم جمال فاونڈیشن کے زیراہتمام مستحق افراد، یتیم بچوں اور بیوہ خواتین کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر اور رمضان پیکج کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جمال فاونڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے ایگزیگٹو ڈائریکٹر جمال فاونڈیشن میڈم پروفیسر فاتحہ شہزادی،ممبر بورڈ آف گورنر پروفیسر ڈاکٹر محترمہ ریحانہ کوثر نے بھی خطاب کیا،سینٹرل یونین آف جرنلسٹس مظفرآباد کے جائنٹ سیکرٹری چوہدری شہزاد یعقوب،محترمہ شازیہ کیانی،بزنس کمیونٹی سے راشد اعوان سمیت اہم سماجی شخصیات نے شرکت کی،محترمہ فاتحہ شہزادی نے شرکاء تقریب کو جمال فاونڈیشن بارے بریفنگ دی، محترمہ ریحانہ کوثر نے مہمان خصوصی سمیت تمام شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے جمال فاونڈیشن، اور اس تنظیم کے چیئرمین میاں اسد جمال کو خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر جمال فاونڈیشن کیطرف سے افطار ڈنر کیساتھ مستحق،یتیم بچوں،بیوہ خواتین میں رمضان پیکج تقسیم کیاگیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیف جسٹس آزادکشمیر سپریم کورٹ جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیا نے کہا کہ قرآن پاک میں خالق کائنات کا حکم ہے کہ جو مال تمہیں عطا کیا گیا ہے اس میں سے خرچ کرو ایسا نہ ہوکہ آپ مال خرچ نہ کرسکو اور پھر وہ وقت آجائے جب آپ اللہ سے یہ موقع مانگو کہ اے اللہ ہمیں موقع عطافرما کہ ہم اپنا مال خرچ کرلیں، مگر وقت بیت چکا ہوگا، اس لیے صاحب ثروت لوگوں کو معاشرے میں ضرورت مندوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہئے، مغربی دنیا معاشرتی فلاح وبہبود کے لیے سماجی کاموں میں بہت آگے ہے مگر الحمد اللہ ہمارے پاس بھی صاحب ثروت لوگ اور جمال فاونڈیشن جیسے ادارے موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ جمال فاونڈیشن کے یتیم بچوں کے سکول کے شلٹر کے لیے اراضی کے حصول کی حکومت کو تحریک کی جائے، حکومت اس نیک مشن میں یقیناً جمال فاونڈیشن کا ساتھ دیگی اور یہ مسلہ حل کریگی، غریبوں، ضرورت مندوں پر دولت خرچ کرنے سے کم نہیں ہوتی بلکہ اس میں اضافہ ہوتا ہے، اس میں خالق کائنات برکت عطافرماتے ہیں، دریں اثناء جمال فاونڈیشن کے چیئرمین میاں اسد جمال نے تقریب میں آمد پر تمام شرکا کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا، اور مستحق افراد میں پروقار انداز میں رمضان پیکج تقسیم کیا گیا۔