حکومت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کی ہر سطح پر سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی ‘ ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ‘ کشمیریوں کا جذبہ ایثار و قربانی، منزل کے حصول کے لئے جدو جہد کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہا ہے‘ بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج اور انتظامیہ، محصورکشمیر ی عوام پر ظلم و بربریت اور تشدد کے وہ پہاڑ توڑ رہی ہے‘ قربانیوں کا یہ بے مثال سفر منزل کے حصول کی صورت میں ظاہر ہو گا

وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان کا نجی ٹیلی و یژن کو انٹریو

پیر 4 جون 2018 18:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی میں مصروف عمل مظلوم کشمیریوں کی ہر سطح پر سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے خطہ کشمیر کی اس حکومت کے قیام کے بنیادی مقاصد میں تحریک آزادی کشمیر کو اولیت حاصل رہی اور اس خطہ کے عوام نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں جاری جدو جہد آزادی کی ہر سطح پر حمایت کی ہے جدوجہد آزادی کشمیر وہاں پر بسنے والے آزادی کے جذبے سے سر شار کشمیریوں کے بے پایاں حوصلے اور قربانیوں کی وجہ سے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے کشمیریوں کا یہ جذبہ ایثار و قربانی، منزل کے حصول کے لئے جدو جہد کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہا ہے انسانی تاریخ نے آج تک ایسی لازوال قربانیوں کا مشاہدہ نہیں کیاکشمیریوں کا یہ جذبہ حریت کٹھ پتلی انتظامیہ اور بھارتی فوج کے حوصلے پست کر رہا ہے اور بوکھلاہٹ کا شکار فوج اور انتظامیہ، محصورکشمیر ی عوام پر ظلم و بربریت اور تشدد کے وہ پہاڑ توڑ رہی ہے کہ جس پر انسانیت بھی شرمندہ ہے مگر ہمیں یقین ہے کہ انشا اللہ قربانیوں کا یہ بے مثال سفر منزل کے حصول کی صورت میں ظاہر ہو گا پاکستان ہماری وکیل ہے اور ماضی میںحکومت پاکستان نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کے حصول کی اس تحریک کی نہ صرف حمایت کرتا ہے بلکہ اقوام متحدہ اور دیگر ادارون سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کو غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے حل کرائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹیلی و یژن کو انٹریو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی یہ صورتحال نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے منہ پر اک طمانچا ہے بلکہ محصور کشمیریوں کا لہو مسلم دنیا میں بسنے والے عوام اور حکمرانوں کے جذبہ انسانیت کو جگانے کے لئے پکار رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر ہر آنکھ اشکبار ہے ہر دل گرفتہ ہے اورہر لب ان انسانیت سوز مظالم کے اس نہ رکنے والے سلسلے کے خاتمے کے لئے دعا گو ہے ریاستی جبر اور دہشت گردی کے کا یہ سلسلہ مجبور کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے ننھی آصفہ پربہیمانہ جنسی تشدد،قتل اور جدوجہد آزادی میں حصہ لینے والے نہتے کشمیریوں پر مسلسل تشدداور قتل و غارت اقوام عالم کے لئے لمحہ فکریہ ہے وزیر جنگلات نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق آزادی کی جد و جہد کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کے لئے تمام انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ، برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین اور دنیا کے مختلف ممالک میں آباد پاکستانی اور کشمیری اپنا مو ثر کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ظلم کی یہ اندھیری رات جلد ختم ہو گی اور کشمیر یوں کو اقوام متحدہ کا تسلیم شدہ خودارادیت کا جائزحق حاصل ہو کر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد اورقربانیوں کا یہ عمل یقیناًایک دن خطہ کی آزادی اور پاکستان سے الحاق کی صورت میں ظاہر ہو گا۔