عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں‘ شوکت جاوید

پیر 4 جون 2018 18:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید نے پارٹی قیادت سے 25جولائی کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی طرف چاروں صوبوں میں نامزد امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلانے کیلئے مرکزی عہدیداروں ، ضلعی صدور ، سابق وزراء ، ممبران اسمبلی ، مشیران ، صوابدیدی عہدوں پر تعینات افراد ، پی ایس ایف ، پیپلز یوتھ اور ذیلی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے کمیٹیاں تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا اور پاکستان میں مقیم 15لاکھ سے زائد کشمیریوں کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کی حق آزادی کیلئے تاریخ ساز جدوجہد اور عوامی حقوق کی بازیابی ، عزت و وقار ، شراکت اقتدار میں عوامی تصور کی عملی جدوجہد کی بناء پر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کی حمایت پر آمادہ کریں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر ، سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف ، سیکرٹری جنرل راجہ فیصل ممتاز راٹھور ، سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب باہمی مشاورت سے عید الفطر کے بعد فوری اسلام آباد میں جملہ تنظیموں کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے تجاویز لیں اور ان کے سفارشات پر قائدین ، عہدیداروں ، کارکنوں اور تمام صوبوں میں پی پی پی آزاد کشمیر کی قائم تنظیموں کی باہمی مشاورت سے کمیٹیاں تشکیل دیکر سیاسی منصوبہ بندی ترتیب دیں ۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید ، سابق صدر سردار یعقوب خان ، قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور ہم خیال جماعتوں کی بھی حمایت حاصل کرنے کیلئے رابطوں کا عمل شروع کیا جائے ۔ شوکت جاوید نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے اس ملک میں غریب ، مزدور ، ہاری ، کسان ، طالب علم ، پسے ہوئے طبقات کو حقوق کیساتھ عزت نفس دی اور قومی ، صوبائی اسمبلیوں ، سینٹ تک پہنچایا۔

سیاست کو مٹھی بھر مافیا کے خونی پنجوں سے بازیاب کرواتے ہوئے عام آدمی کی دہلیز تک لایا اور تحریر و تقریر کی آزادی حق رائے دہی کا مینڈیٹ دیا۔ یہی نہیں بلکہ فرسودہ سامراجی نظام پر کاری ضرب لگا کر چہروں کے بجائے فکر ، عملی ، شعوری ،تبدیلی کی بنیاد رکھی ۔ ملک کو متفقہ آئین دیا۔ ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی لاکر دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آئین ، قانون کی بالادستی ، جمہوریت کے تحفظ ، ایٹمی اثاثوں کی حفاظت ، ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خودارادیت ، مضبوط وفاق ، دہشتگردی ، انتہاء پسندی ، لاقانونیت کیخلاف جہاد میں چار نسلوں کو قربان کرکے نئی عالمی تاریخ رقم کی ہے ۔ عام انتخابات میں فتح و شکست کوئی بڑا مسئلہ نہیں ۔ یہاں عوامی مینڈیٹ کو ریموٹ کنٹرول سے تبدیل کیا جاتا رہا ہے اور کیا جارہا ہے ۔

لیکن پیپلز پارٹی عوامی مفاد قومی وقار ، خدمت خلق کی خاطر ، ایک مشن کو پورا کرنے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔ اس لئے پاکستان میں ہمارے بھائی بالعموم اور مقیم کشمیری بالخصوص پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں شریک ہوکر انہیں ووٹ کی قوت سے اسمبلیوں تک پہنچائیں تاکہ جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کی انتظامی رہبری کا آئینی فریضہ سرانجام دے سکیں ۔ پاکستانی کشمیری قوم کی حمایت اللہ تعالیٰ کے کرم سے بلاول بھٹو دنیا بھر کے کم عمر ترین پاکستان وزیراعظم منتخب ہوکر عالمی ریکارڈ قائم کرینگے ۔