پاکستان کو ناکام ریاست قرار دینے والی بھارتی اداکارہ کا یوٹرن

ایک بار پھر لاہور کو اپنا پسندیدہ شہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ان کے دل کے قریب ترین ہے، سوار بھاسکر

پیر 4 جون 2018 20:12

پاکستان کو ناکام ریاست قرار دینے والی بھارتی اداکارہ کا یوٹرن
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) بولی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے گزشتہ ہفتے اپنی نئی ریلیز ہونے والی بولڈ کامیڈی فلم ویرے دی ویڈنگ پر پاکستان میں پابندی عائد کیے جانے پر پاکستان کو غیر سیکولر اور ناکام ریاست قرار دیا تھا۔سوارا بھاسکر نے یہ بیان بھارتی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام کے دوران دیا تھا، اس سے قبل وہ 2015 میں پاکستان کے دوسرے دورے کے دوران پاکستانی ٹی وی چینل دنیا ٹی وی کے شو مذاق رات میں پاکستان کو پسندیدہ ملک اور لاہور کو سب سے بہترین شہر قرار دے چکی تھیں۔

سوارا بھاسکر کی جانب سے پاکستان کے خلاف دیے گئے حالیہ بیان پر جہاں پاکستانی اداکارہ عروہ حسین نے انہیں کھری کھری سنائیں، وہیں متعدد پاکستانی افراد نے انہیں سوشل میڈیا پر آئینہ دکھایا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر پاکستانی و بھارتی افراد کی جانب سے سخت تنقید کیے جانے کے بعد سوارا بھاسکرنے یوٹرن لیتے ہوئے ایک بار پھر لاہور کو اپنا پسندیدہ شہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ان کے دل کے قریب ترین ہے۔

سوارا بھاسکر نے ایک مداح کی ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ ہمیں ریاستوں و ملکوں کی حکومتوں اور وہاں کے رہنے والے عوام میں فرق رکھنا چاہیے۔ساتھ ہی انہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے لکھا کہ وہ پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہیں، کیوں کہ ان کے بہترین اور رازدار دوستوں میں چند پاکستانی بھی ہیں، جب کہ لاہور ان کے دل کے بہت قریب ہے۔انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات اور امن کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔سوارا بھاسکر نے ایک اور ٹوئیٹ میں خود پر ہونے والی آن لائن تنقید کا عکس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن اور دوستانہ تعلقات کو دیکھیں۔