سخت جھلسا دینے والی گرمی اور رمضان المبارک کے باوجود پیسکو نے لکی شہر کے عوام پر کم وولٹیج اور لوڈ شیڈنگ کی بجلی گرادی جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں

پیر 4 جون 2018 20:22

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) سخت جھلسا دینے والی گرمی اور رمضان المبارک کے باوجود پیسکو نے لکی شہر کے عوام پر کم وولٹیج اور لوڈ شیڈنگ کی بجلی گرادی جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ صیام کے ابتدائی ایام میں صورتحال بہتر تھی لیکن گذشتہ چند روز سے نہ صرف شہری علاقوں میں بجلی کا وولٹیج انتہائی کم ہے بلکہ وقفے وقفے سے بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے اچانک وولٹیج گر جانے سے گھروں میں برقی آلات خراب ہورہے ہیں تو کاروباری افراد کو بھی طرح طرح کی مشکلات کا سامنا ہے یہی نہیں بلکہ سحری اور افطار کو بھی بلاوجہ لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی ہے خیبر پختونخواکا جنوبی ضلع لکی مروت حالیہ دنوں سخت گرمی کی لپیٹ میں ہے اوپر سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج نے گرمی کی شدت بڑھا دی ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر ٹرانسمیشن لائن پر موجود برقی اڈے کاٹ کر کم وولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے مسائل دانستہ طور پر پیدا کئے جارہے ہیں انہوں نے پیسکو کے مقامی اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے صورتحال یونہی برقرار رہی تو سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا جائے گا۔