عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع

پیر 4 جون 2018 20:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ،امیدواروں کی بڑی تعداد نے اپنے اپنے حلقوں کے ریٹرننگ افسران سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے علاوہ غیر مسلموں اور خواتین کیلئے مخصوص نشستوں پر انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کئے الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسر عام انتخابات کیلئے امیدواروں سے پیر سے اس ماہ کی آٹھ تاریخ تک کاغذات نامزدگی وصول کریں گے۔

امیدواروں کے نام کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے آخری تاریخ کوشائع کئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اس ماہ کی چودہ تاریخ تک کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ افسروں کے فیصلے کے خلاف اپیلیں انیس تاریخ تک دائر کی جاسکیں گی جبکہ اپیلیٹ ٹریبونل ان اپیلوں پر فیصلہ اس ماہ کی چھبیس تاریخ تک کریں گے۔

امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست ستائیس تاریخ کو آویزاں کی جائے گی۔امیدوار اس ماہ کی اٹھائیس تاریخ تک اپنے نام واپس لے سکیں گے اوراسی دن امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات اس ماہ کی انتیس تاریخ کو دیئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی اور پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اوربلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اورغیرمسلموں کیلئے مخصوص نشستوں کیلئے بھی اسی پروگرام کا اطلاق ہوگا پاکستان مسلم لیگ نون کے خیال داس کوہستانی، پاکستان تحریک انصاف کے پہلاج رام، پاکستان پیپلز پارٹی کے رمیش کمار، پاکستان مسلم لیگ ف کے لکھ منداس نے اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی ثریا جتوئی نے خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں ۔

۔۔۔اعجاز خان