قوالی صدیوں پرانہ علم و فن ہے جو دیگر فنون میں سے زیادہ اہم اور مقبول عام ہے،محمد احمد شاہ

پیر 4 جون 2018 20:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا کہ قوالی صدیوں پرانہ علم و فن ہے جو دیگر فنون میں سے زیادہ اہم اور مقبول عام ہے۔ سینا بہ سینا ہم تک پہنچا اور اب شاندار روایت بن چکی۔ جس سے بڑے بڑے نامور قوال منسلک رہے اور اب نوجوان اس فن کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام سالانہ محفل قوالی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ آرٹس کونسل میں ہر سال رمضان المبارک میں قوالی کی محفل منعقد ہوتی ہے۔ ماضی میں نامور قوال اس محفل میں کلام پیش کر چکے۔ نوجوان قوال حمزہ اکرم نے قوالی کے شعبے میں نہایت خوش اسلوبی سے کام کرتے ہوئے ہماری نوجوان نسل کو قوالی کی جانب راغب کیا ہے اب نوجوان حمزہ اکرم کو سننا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

آرٹس کونسل کے نوجوان ممبران کی خواہش پر آج اس نوجوان کو آرٹس کونسل کے سالانہ قوالی کے پروگرام میں بلایا گیا ہے۔ نوجوانوں سمیت ممبران نے اس پروگرام کو بہت پسند کیا۔ صدر آرٹس کونسل نے مزید کہا کہ آج کے افراتفری کے دور میں بعض آرٹسٹ اپنے فن کے معیار کو ترویج دینے کے بجائے جلد از جلد شہرت یافتہ بننا چاہتے ہیں جو فن اور فنکار دونوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

جو فن کار فن پر توجہ دیں وہ ناکام نہیں ہو سکتے۔احمد شاہ نے کہا کہ شہرت اور فن دو علیحدہ چیزیں ہیں اور جس آرٹسٹ کو یہ دونوں میسر آجائیں وہ قلندرہوجاتا ہے۔ انھوں نے نوجوان قوال حمزہ اکرم کے کام کو بے حد سراہتے ہوئے کام کو مزید بہتر بنانے کی تلقین بھی کی۔ صدیوں سے قوالی کی صنف کی خدمت کرنے والے خاندان کے چشم حمزہ اکرم کا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل ایک تاریخ ساز ادارہ ہے اور ماضی میں اس مقام پر میرے دادا منشی رضی الدین بھی کلام پیش کر چکے ہیں۔

محفل قوالی کی تقریب میں حمزہ اکرم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کرکلام پیش کیا اور سٴْروں کا ایک جادوئی سماں باندھا جس پر سامعین محفل جھوم اٹھے۔ نوجوان قوال نے من کنت و مولا، تاجدارِ حرم، علی کے ساتھ ہے زہرہ کی شادی جیسے لازوال کلام اور نعت و منقبت سامعین کی نظر کر کے بے شمار داد وصول کی۔ اس پر مسرت موقع پر حاضرین کی ایک بڑی تعداد محفل سماں میں شر یک تھی۔ اس سے قبل نوجوان قوال حمزہ اکرم امریکہ اور برطانیہ میں بھی فن کا اظہار کرچکے ہیں۔#