بھارتی جنگی جنون علاقے میں امن کیلئے خطرہ ہے،اسد اللہ بھٹو

اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں و عالمی ادارے ورکنگ پر مسلسل گولہ باری کا نوٹس لے، دعوت افطار سے خطاب

پیر 4 جون 2018 20:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و نامزدامیدوار این اے 242 اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ بھارتی جنگی جنون علاقے میں امن کیلئے خطرہ ہے۔ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں و عالمی ادارے ورکنگ پر مسلسل گولہ باری کا نوٹس لے۔ رمضان نیکیوں کا موسم بہار اور انسانیت سے غم خواری کا مہینہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی گولہ باری سے بچی و خاتون کی شہادت پر اظہار افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے دلی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی غلط و ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے بھارت کو افغانستان و بلوچستان سے پاکستان کے خلاف سازشوں کا موقعہ مل رہا ہے اب وہ کشن گنگا سمیت کئی ڈیم بنا کر آبی جارحیت کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔

امریکہ و اسرائیل بھی علاقے میں بالا دستی کیلئے بھارت کی سرپرستی کررہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پاکستان ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری اور آبی جارحیت کے خلاف مؤثر سفارتی کوششیں تیز کرے اور اس مسئلہ کو عالمی فورم پر اٹھایا جائے ۔#