ْ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام آئین پاکستان کی تشکیل کے بعد بڑا واقعہ ہے ، نوازشریف

اس فیصلے سے فاٹا کے عوام کی زندگی میں انقلاب آئے گا ، میری خواہش اور کوشش ہے کہ فاٹا میں بھی 25جولائی کو ہی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہوجائیں، فاٹا کے ممبران کے پی کے اسمبلی میں پیکج پر عمل درآمد کیلئے بھرپور کردارادا کریں گے قائد (ن) لیگ کا فاٹا یوتھ جرگہ کے اٍرکان سے خطاب

پیر جون 20:39

ْ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام آئین پاکستان کی تشکیل کے بعد بڑا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام آئین پاکستان کی تشکیل کے بعد سب سے بڑا واقعہ ہے ، اس فیصلے سے فاٹا کے عوام کی زندگی میں انقلاب آجائے گا ،انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش اور کوشش ہے کہ فاٹا کے علاقے میں بھی 25جولائی کو ہی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہوجائیں تا کہ فاٹا کے ممبران صوبائی اسمبلی کے پی کے اسمبلی میں پیکج پر عمل درآمد کے لئے بھرپور کردارادا کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاٹا یوتھ جرگہ کے اٍرکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ فاٹا یوتھ جرگہ ارکان اپنے سرپرست اور معروف صحافی سلیم صافی ، چیئرمین ریحان زیب اور صدر نظام الدین کی قیادت میں نوازشریف کا شکریہ ادا کرنے کیلئے یہاں سابق وفاقی وزیر عباس آفریدی کی رہائش گاہ پر آئے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریم نوازشریف،، سینیٹر پرویز رشید ، سابق مشیر عرفان صدیقی،، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی ،عباس آفریدی اور صدیق الفاروق بھی موجود تھے ۔

نوازشریف نے جرگہ کے ارکان سے کہا کہ آپ لوگ نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں ، آپ ووٹ سے محروم رہے ہیں اور ووٹ کی عزت اور اہمیت سے واقف ہیں ، اس لیے مجھے یقین ہے کہ آپ حالیہ بلوچستان اسمبلی کے ارکان جیسا کردارادا کبھی ادا نہیں کریں گے ، آپ یقینا ایسا کردارادا کریں گے جو پورے پاکستان کے لئے باعث تقلید ہو۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت نہ دینے کی وجہ سے آج خطے کے کئی ملک پاکستان سے نکل گئے ہیں ، ہمارے جسم سے الگ ہونے والا بنگلہ دیش آج معاشی ترقی ، تعلیم ، صنعت ہر شعبہ میں ہم سے آگے ہے ، 25جولائی کو ہونے والے انتخابات بارے بین الاقوامی میڈیا قبل از انتخابات اور دھاندلی کی رپورٹیں دے رہا رہا ہے ، ان انتخابات کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھ رہا ہے ۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج میں پاکستان کے مفادات اور آئین کی بالادستی کیلئے بیشمار مشکلات برداشت کر رہا ہوں ۔انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ آئین کی بالادستی کو اپنی زندگی کا مشن بنا لیں اسی میں ذاتی عزت اور ملکی مفادات کا تحفظ پوشیدہ ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی سلیم صافی نے فاٹا کے ادغام کے حوالے سے نوازشریف ، مسلم لیگ(ن) کا اجتماعی ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،، سپیکر سردارایاز صادق ، سرتاج عزیز اور بیرسٹر ظفر اللہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ فاٹا کے عوام کا عزت کا رشتہ ساری زندگی کے لئے ہے ۔ اس موقع پر جرگے کے چیئرمین ریحان زیب اور صدر نظام الدین اپنے الگ الگ خطاب میں کہپا کہ ہمارا مشن ہر حال میں آئین کی عمل داری اور آئینی تسلسل ہے ، آئین ہر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ فاٹا یوتھ جرگہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے نوجوان ہیں لیکن وہ یوتھ جرگے میں سیاسی وابستگیوں سے بلند ہو کر متحد ہیں ۔