کوہاٹ پولیس نے سینکڑوں لٹر دیسی شراب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ، منشیات کے چار بین الاضلاعی سمگلرگرفتار

کاروائی میں زیر حراست سمگلروں کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا

پیر 4 جون 2018 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) کوہاٹ پولیس نے سینکڑوں لٹر دیسی شراب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر منشیات کے چار بین الاضلاعی سمگلروں کو گاڑیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔کاروائی میں زیر حراست سمگلروں کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر اضلاع کے مابین منشیات کی سپلائی لائن بند کرنے کے سلسلے میں جہاں کوہاٹ شہر کو دوسرے اضلاع سے ملانے والی اہم شاہراہوں پر سخت ناکہ بندی کرکے چیکنگ کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے وہیں پولیس نے مختلف مقامات پر کاروائیوں کے نتیجے میں منشیات کے چار بین الاضلاعی سمگلروں کو مجموعی طور پرتین سو لٹردیسی شراب سمیت گرفتار کرلیا ہے اور منشیات سمگل کرنے کے سلسلے میں ملزمان کے زیر استعمال دو گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی پہلی کاروائی کوہاٹ انڈس ہائی وے پر عمل میں لائی گئی جہاں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید انسپکٹر محمد علی نے ایک خفیہ اطلاع کی تصدیق کے بعد پولیس نفری کے ہمراہ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس دوران درہ آدم خیل سے کوہاٹ شہر آنیوالی ایک مشکوک فلائنگ کوچ نمبر LEI-8957کوتلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

تلاشی کے دوران پولیس نے فلائنگ کوچ گاڑی سے ڈرموں میںبھرے مجموعی طور پر 180لٹردیسی شراب برآمد کرکے جنگل خیل کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر خالد رسول ولد سید رسول کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا اور انکے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا ۔ادھر ایک دوسری کاروائی کے دوران انسپکٹر محمد علی نے منشیات سمگلنگ کے حوالے سے مخبر کی اطلاع پرپولیس نفری کے ہمراہ علاقہ شیخان کے قریب ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس دوران ایک مشکوک موٹر کار نمبر اسلام آباد FC-519کو تلاشی کی غرض سے رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن رکنے کی بجائے کار سوار افراد نے رفتار بڑھا دی جسے تعاقب کے بعد نہایت حکمت عملی سے گھیر لیا گیا۔

پولیس نے تلاشی کے دوران موٹر کار کی ڈگی سے دو ڈرموں میں بھری مجموعی طور پر 60لٹر دیسی شراب برآمد کرکے موٹر کار میں سوار دو منشیات سمگلروں طاہر سلیم ولد عبدالمجید سکنہ گڑھی رسالدار اورعزیر الرحمان ولد گلزار احمد ساکن گڑھی مواز خان کوموٹر کار سمیت گرفتار کرلیا۔کاروائی میں زیر حراست ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ تیس بور پستول بمعہ درجنوں کارتوس بھی برآمد کرکے قبضے میں لی گئی ہے ۔

پولیس نے اسلحہ و منشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ محمدریاض شہید میں مقدمہ درج کرکے ان سے پوچھ گچھ شروع کردی ہیں۔دریں اثناء ایس ایچ او تھانہ چھائونی فیاض خان نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس نفری کے ہمراہ بائی پاس روڈ پر اچانک چھاپہ مارا جہاں منشیات سمگلر اشتیاق خان ولد مشفق خان سکنہ جنگل خیل کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر 60لٹر دیسی شراب برآمد کرلی گئی ۔پولیس نے منشیات سمیت گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ چھائونی میں مقدمہ درج کرلیا ہے جس نے ابتدائی پوچھ گچھ میں دیسی شراب شہر کے مختلف علاقوںکو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔