آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

پیر 4 جون 2018 20:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں، خیبرپختونخوا اورکشمیر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ جبکہ اندرون سندھ، جنوبی اور وسطی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاری علاقوں میں بعض مقامات پر تیزہوائوں/آندھی اور گرج چمک کی ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ آج منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو 50، بھکر، موہنجوداڑو، سبی 49، لاڑکانہ، بہاولنگر، رحیم یارخان، جیکب آباد 48 اور روہری میں 47 جبکہ اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔