وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 4 جون 2018 20:50

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے عالمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تبدیلیاں ایک بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آئی ہیں اورایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بڑی رکاوٹ بن کر ابھری ہیں۔

غیرقدرتی معمولات میں اضافے کے باعث زمین پر غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی خواہ کسی بھی قسم کی ہو، اس سے انسانی صحت اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہو رہا ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دن ہمیں ماحولیات کو تباہ ہونے سے بچانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے۔ قدرتی وسائل کے تحفظ اور عوام میں آگاہی کے ذریعے ماحول کو محفوظ بنانے میں مدد مل سکتی ہی- ماحول کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم کو تسلسل کیساتھ جاری رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

ماحولیاتی آلودگی میں تیزی سے اضافے کی ایک بڑی وجہ جنگلات کی مسلسل کٹائی بھی ہے۔اس پر قابو پانے کیلئے جنگلات کی بقا اور اس کی حفاظت ناگزیر ہے۔سرسبز و شاداب اور گھنے درخت خوبصورتی کا ایسا روپ ہیں جس کا کوئی نعم البدل نہیں ۔پنجاب حکومت ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کیلئے درست سمت میں اقدامات اٹھا رہی ہے۔پنجاب حکومت ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے لئے وضع کردہ پالیسی پر موثر طریقہ سے عمل پیرا ہے۔

زمین کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ہمیں انفرادی و اجتماعی سطح پراپنے ماحول کو آلودگی سے بچانے میں کردار ادا کرنا ہے اورماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے عالمی دن پرہمیں سنجیدگی کیساتھ ماحول کے محافظ کے طور پر اپنے کردار کو تسلیم کرنا چاہیئے۔شہباز شریف نے کہا کہ اس دن کاتقاضا یہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کرہ ارض کو محفوظ بنانے کیلئے کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنامقصد ماحولیات کے تحفظ اور زمین کو درپیش خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔