ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے‘رفیق رجوانہ

افواج اور پولیس کے جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں

پیر جون 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) گو رنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت ،ترقی اور خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے ، ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے، ہمیں اپنی افواج اور پولیس کے جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، آرمی پبلک سکول کے بچوں نے اپنا آج قربان کر کے ہمارے کل کو محفوظ بنایا ہے، اب پاکستان محفوظ ملک ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح د ے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مقامی ہوٹل لاہور میں دی انٹرنیشنل سکول آف شوئفات کی 25ویں سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صدر سابس کارل بسٹانی، ڈائریکٹر انٹرنیشنل سکول آف شوئفات مسز مارگو اے عزیز ، معروف آرکیٹیک نیر علی دادا اور سابق وزیر ذکیہ شاہنواز کے علاوہ انٹرنیشنل سکول کے اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور امریکہ اوریورپی ممالک نے تعلیم کے شعبے میں بڑا نام کمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان بیرون ممالک ڈاکٹری،انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور یہ ہمارے ملک کے سفیر ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں اور ہمیں اِن پر فخر ہے۔

گور نر نے کہا کہ وہ پنجاب کی یونیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں اور کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوششکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب کی حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں گراں قدر کام کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے لاہورمیں دی انٹرنیشنل سکول آف شو ئفات کی برانچ قائم کرنے پر انتظامیہ کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دگیر اہم شہروں میں بھی انٹرنیشنل سکول شوئفات کی برانچیں کھلنی چاہئیں تاکہ اِن شہروں کے ہونہار طلبا و طالبات بھی جدید علوم سے بہرہ مند ہو سکیں۔

انہوں نے پاس آئوٹ ہونے والے بچوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ وہ اپنے ادارے کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لئے محنت سے علم حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دی انٹر نیشنل سکول آف شوئفات ایک باوقار ادارہ ہے جو کہ طلباء کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔۔گورنر پنجاب نے دی انٹر نیشنل سکول آف شوئفات کے 25سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں سکول کے بچوں نے موسیقی کی دھنوں پر شاندار پرفارمنس دی۔ اِس موقع پر چاروں صوبوں کی ثقافت کے حوالے سے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔