ریل کاپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ، ایم ڈی محمد عامر نے کمپنی کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی

پیر 4 جون 2018 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) پاکستان ریلوے کی کمپنی ریل کاپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ریلوے ہیڈ کوارٹرزلاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین ریلویز محمد جاوید انور نے کی ۔ اجلاس میں ریل کاپ کے ایم ڈی محمد عامر نے کمپنی کی کارکردگی اور کمپنی کے مختلف مدعات میں ریلوے کی طرف واجبات کے حصول کے حوالے سے چیئرمین ریلوے کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

اُنہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کے مختلف منصوبوں جن میں لاہور اور کراچی فلیٹس کی تعمیر ، نارووال ریلوے اسٹیشن کی تعمیر ، مغل پورہ ڈرائی پورٹ کی بحالی ،نوشہرہ میں ازا خیل ڈرائی پورٹ کی تعمیر،ڈیزل شیڈ کراچی ،پورٹ قاسم ،بن قاسم اور ٹریک ورکشاپ رائے ونڈ وغیر ہ کی تعمیر و بحالی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان تمام منصوبوں کی طرف سے ریلوے کی طرف واجبات کی وصولی کے لئے بورڈ سے درخواست کی گئی۔

چیئرمین ریلویز محمدجاوید انور نے ریل کاپ کمپنی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران کی تعریف کی اور ریلوے کی طرف سے ریل کاپ کمپنی کے واجبات کی ادائیگی کے لیے ریلوے حکام کو ہدایت کی کہ موجودہ مالی سال میں کمپنی کے زیادہ سے زیادہ واجبات کلیئر کئے جائیںتاکہ کمپنی کے تمام معاملات مزید بہترہوسکیں اور جانفشانی سے تمام منصوبے مکمل ہوسکیں۔ اجلاس میں چیئرمین ریلویز محمد جاوید انور ، ممبر فنانس فیصل اسماعیلی ، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ظفراللہ کلوڑ، ایم ڈی ریل کاپ محمدعامر نثار کے علاوہ ریل کاپ کمپنی کے سنیئر افسران نے شرکت کی۔