2018 کا الیکشن تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا، حامد رضا

ن لیگ کا ریحام خان کو الزاماتی سیاست کے لئے استعمال کرنا اخلاقی پستی ہے، پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب

پیر 4 جون 2018 21:37

2018 کا الیکشن تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا، حامد رضا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفی متحدہ محاذ کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاک فوج کو کمزور کرنا مودی، ٹرمپ اور نواز شریف کی مشترکہ خواہش ہے۔ 2018 کا الیکشن تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ ن لیگ کا ریحام خان کو الزاماتی سیاست کے لئے استعمال کرنا اخلاقی پستی ہے۔

نصرت بھٹو اور بینظیر بھٹو کی کردار کشی مہم چلانے والے آج بھی گندی سیاست کے لئے عورتوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ عائشہ احد ملک کو انصاف ملنا چایئے۔ طلاقیں دلوا کر ہر چھ ماہ بعد نئی شادی کرنے والے کو پوری قوم جانتی ہے۔ شریف خاندان اقتدار کو اپنا پیدائشی حق سمجھتا ہے لیکن آل شریف اب کبھی اقتدار میں نہیں آ سکے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آئین کی شق 62 اور 63 پر پورا نہ اترنے والے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دے۔

قوم پارلیمنٹ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک رکھنے کے لئے ووٹ کا درست استعمال کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے انتخابی امیدواروں کے چناؤ کے لئے ہونے والے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ افغان حدود سے پاکستانی پوسٹوں پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔

بھارت افغانستان کی حکومت کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کر رہا ہے۔ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ پاک فوج کو متنازعہ بنانے والا نواز شریف امریکی و بھارتی ایجنڈا پورا کر رہا ہے۔ پاک فوج کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ چیف جسٹس کرپشن اور بیڈ گورننس کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ قوم چیف جسٹس ثاقب نثار کے عوام دوست اقدامات پر خوش ہے۔