روئی کی قیمتیں17 سال کی بلند ترین سطح 8 ہزار 200 روپے فی من تک پہنچ گئیں

پیر 4 جون 2018 21:53

روئی کی قیمتیں17 سال کی بلند ترین سطح 8 ہزار 200 روپے فی من تک پہنچ گئیں
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان ۔روئی کی قیمتیں گزشتہ روز 100روپے فی من مزید اضافے کے ساتھ پچھلے 17 سال کی بلند ترین سطح 8 ہزار 200 روپے فی من تک پہنچ گئیں ۔چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ کاٹن ائیر 2010-11ء میں پاکستان میں روئی کی قیمتیں 14 ہزار روپے فی من تک پہنچ گئی تھیں جبکہ کاٹن ائیر 2017-18ء میں روئی کی قیمتیں 8 ہزار روپے فی من تک پہنچی تھیں جبکہ گزشتہ روز روئی کی قیمتیں 17 سال کی نئی بلند ترین سطح 8 ہزار 200 روپے فی من تک پہنچ گئیں ہیں اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران اس کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آئے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں رواں سال نہری پانی کی غیر معمولی کمی کے باعث کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار توقعات سے کافی کم ہونے ،بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی کے رجحان اور چین کی جانب سے روئی درآمدی کوٹہ بڑھائے جانے کی اطلاعات کے باعث روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے تاہم پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں تیزی یا مندی کا اصل رجحان عید الفطر کے بعد سامنے آنے کے امکانات ہیں تاہم توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں سال پاکستان میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان غالب رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :