آئی جی خیبرپختونخواصلاح الدین کی زیرصدارت ڈی آئی خان میں اعلیٰ سطحی اجلاس

پیر 4 جون 2018 21:53

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کی اضافی نفری ، بکتر بند گاڑیوں کی فراہمی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت تمام ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوران ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عبد الغفور بیگ کے علاوہ اعلیٰ سول، فوجی اور پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں امن و امان کی صورتحال بالخصوص گزشتہ چند روز کے دوران ہونے والے واقعات کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیااور سکیورٹی پلان پر نظر ثانی کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان رینج میں امن و امان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے چند فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں مزید بکتر بند گاڑیوں اور پولیس کی اضافی نفری کی فراہمی اور خاص کر ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب شامل ہے۔

آئی جی صلاح الدین خان محسود نے بتایا کہ اس سلسلے میں این آر ٹی سی سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ جدید سہولیات سے آراستہ کنٹرول روم قائم کر کے چوبیس گھنٹے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر کی نگرانی کی جا سکے۔بعد ازاں آئی جی پی نے شہر کا دورہ کیا اور مختلف چیک پوسٹوں اور دیگر مقامات پر متعین پولیس فورس کے جوانوں سے ملاقات کر کے انہیں دہشت گردی کے خلاف اور شہر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ان کی خدمات کو سراہا اور ان میں نقد انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :